کشمیریوں پرمظالم کیخلاف بھارت پر تجارتی پابندیاں لگائی جائیں،رانا بشارت

February 24, 2021

لندن( پ ر ) رانا بشارت علی خان اقوام متحدہ کی جنیوا میں ہونے والی46ویں انسانی حقوق کانفرنس میں شرکت کریں گے جس میں دنیا بھر میں انسانی حقوق کے سرکردہ رہنما اور دنیا کےمختلف سربراہ مملکت بھی شریک ہونگے ، رانا بشارت علی خان اس موقع پر فلسطین، کشمیرکے مظلوم مسلمانوں کیلئے آواز بلند کریں گے، عراق،شام ،برما اور یمن کے معاملات کانفرنس میں خاص طور پر توجہ کا مرکز ہوں گے۔رانا بشارت اس موقع پر مختلف ممالک کے سربراہان اور وزرائے خارجہ اور دنیا بھر سے آئے ہوے انسانی حقوق کی مختلف اورگنائزیشنز کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے، ماضی کی طرح رانا بشارت علی خان اس دفعہ بھی خاص طور پر کشمیر کے بارے میں اپنی تقریر میں بھارت کی طرف سے ڈھائےجانے والے مظالم اور دنیا کی طرف سے کشمیر کی طرف خاموشی اختیار کرنے کے سلسلے میں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑیں گے، گزشتہ سال رانا بشارت علی خان کی کوششوں سے انڈیا کی طرف سے پاکستان کے خلاف لگائے گئے جعلی پروپیگنڈے اور دو سوسے زیادہ جعلی آرگنائزیشن اور ویب سائٹ کو اقوام متحدہ کی طرف سے بین کر دیا گیا تھا اور ماضی میں بھی رانا بشارت علی خان نےبرما کا مقدمہ عالمی عدالت میں لے جانے کے لیے اہم رول ادا کیا تھا، جسے2017 میں برما کے لیے دنیا بھر میں احتجاجی مظاہروں کاسلسلہ شروع ہوا تھا ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں پر زیادتیوں کے خلاف بھارت پر تجارتی پابندیاں عائد کی جائیں، او آئی سی سے کسی بھی قسم کی توقع رکھنا احمقوں کی جنت میں رہنے کے برابر ہے ، یہ جنگ کشمیری خود لڑ رہے ہیں اور دنیا بھرکے پاکستان اور انسانیت پسند لوگوں کو کشمیر کا مقدمہ دنیا بھر کے سامنے رکھنے کی ضرورت ہے، رانا بشارت علی خان اقوام متحدہ کی کانفرنس کے بعد پرتگال اورفرانس کا بھی دورہ کریں گے جہاں پر وہ مختلف کانفرنسزاور این جی اوز کے ساتھ ملاقات کریں گے اور مئی کے آخر میں وہ واپس برطانیہ پہنچ جائیں گے۔