ایک ماہ کی گوشۂ نشینی کے بعد ٹرمپ متحرک،کانفرنس سے خطاب کرینگے

February 24, 2021

نیویارک(عظیم ایم میاں) امریکی صدارت سے سبکدوشی سے اور اپنے خلاف امریکی کانگریس میں دوسری تحریک مواخذہ 6 جنوری کے پرتشدد ہنگاموں اور کیپٹل ہل پر قبضے کے واقعات پر خود اپنی ری پبلکن پارٹی کے بعض قائدین کی جانب سے ذمہ دار ٹھہرائے جانے اور مذمت کے بعد بھی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ گوشہ نشینی اختیار کرنے سے انکاری ہیں

وہ اتوار 28 فروری کو ریاست فلوریڈا کے شہر اور لانڈو میں کنزرویٹو پولیٹکل ایکشن کانفرنس سے خطاب کریں گے، صدارت سے سبکدوشی اور ایک ماہ سے زائد خاموشی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی مرتبہ عوام میں واپسی اور تقریر ہو گی جس کے بارے میں کانفرنس کے حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی یہ تقریر ان کے سیاسی مؤقف اور آئندہ کے لائحہ عمل کی سمت کی ترجمان بھی ہوگی۔

امریکن کنزرویٹو یونین نامی دائیں بازو کی مشہور اور مالدار تنظیم کی تین روزہ کانفرنس کا آغاز 25 فروری سے ہوگا جس کے لئے کورونا کے پھیلائو کے اس ماحول میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ اور ری پبلکن پارٹی کے کئی ہزار حامی اور لانڈو شہر میں جمع ہو رہے ہیں۔