سوشل میڈیا اسٹار ربیکا خان کا پہلا گانا چھاگیا

February 24, 2021


بھارت میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے فن کار کاشف خان کی صاحبزادی اور سوشل میڈیا اسٹار ربیکا خان کا پہلا گانا ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگیا۔

مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر 50 لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والی ربیکا خان کا پہلا گانا ’پارٹی والی نائٹ‘ گزشتہ روز ریلیز کیا گیا ہے اور صرف 15 گھنٹوں میں ہی اُن کے ڈیبیو سانگ کو لاکھوں افراد سُن چکے ہیں۔

ربیکا خان کے پہلے گانے ’پارٹی والی نائٹ‘ کی ویڈیو میں ربیکا خان سمیت دیگر ٹک ٹاک اسٹارز نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جبکہ اس گانے کی ویڈیو میں پارٹی کا ماحول دکھایا گیا ہے۔

’پارٹی والی نائٹ‘ کی گلوکارہ ربیکا خان ہیں، اس گانے کے کمپوزر واجد سعید ہیں جبکہ اس گانے کو مصور خان کی ہدایتکاری میں بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر منفرد ادکاری کرکے نہایت قلیل عرصے میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والی ربیکا خان کے ٹک ٹاک فالوورز کی تعداد 5 ملین سے زائد ہے جبکہ انسٹاگرام پر انہیں 13 لاکھ صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے فن کار کاشف خان نے ’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ربیکا میری لاڈلی بیٹی ہے، میں اسے پیدائشی فنکار کہتا ہوں، آرٹ کی دولت اسے اپنے والد سے ورثے میں ملی ہے۔

کاشف خان کا کہنا تھا کہ ربیکا نے ابھی میٹرک پاس کیا ہے، میں چاہوں گا کہ وہ پہلے اپنی تعلم مکمل کرے اور پھر شوبزنس میں انٹری دے، ربیکا میں ایک اچھے گائیک کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں، کم عمری میں میرے ساتھ دنیا گھوم چکی ہے اور نامور فنکاروں سے بھی مل چکی ہے۔