سری دیوی کا بیٹی کیلئے لکھا یادگار نوٹ وائرل

February 24, 2021

بالی ووڈ کی ورسٹائل اداکارہ سری دیوی کی صاحبزادی جھانوی کپور نے والدہ کا یادگار نوٹ سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔

آنجہانی بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی کی تیسری برسی کے موقع پر اُن کی بڑی صاحبزادی جھانوی کپور نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر والدہ کی یاد میں ایک جذباتی پوسٹ شیئر کی۔

جھانوی کپور نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں سری دیوی کا وہ یادگار نوٹ شیئر کیا جو اُنہوں نے اپنی زندگی میں اپنے ہاتھ سے اپنی بیٹی کے لیے لکھا تھا۔

مذکورہ نوٹ میں انگریزی زبان میں لکھا ہوا ہے کہ ’میں تُم سے بہت پیار کرتی ہوں، تُم دنیا کی بیسٹ بےبی ہو۔‘

جھانوی کپور نے اپنی اس خوبصورت پوسٹ کو ایک جذباتی کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں آپ کو بہت یاد کررہی ہوں۔‘

دوسری جانب سری دیوی کی چھوٹی بیٹی خوشی کپور نے والدہ کی برسی کے دن اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر والدہ اور والد کی ماضی کی نایاب تصویر شیئر کی ہے۔

واضح رہے کہآنجہانی اداکارہ سری دیوی کی موت سال 2018 میں 24 فروری کو دبئی کے ایک ہوٹل میں ڈوب جانے کے باعث ہوئی تھی۔

لیجنڈری اداکارہ سری دیوی نے اپنے کیریئر کا آغاز چائلڈ آرٹسٹ کی حیثیت سے کیا جب ان کی عمر چار سال تھی۔

انہوں نے 300 سے زائد فلمیں کیں جن میں ’جانباز، مسٹر انڈیا، لاڈلا، جدائی، چاندنی، صدمہ، لمحے، انگلش ونگلش اور دیگر سپر ہٹ فلمیں شامل ہیں۔

سری دیوی کی موت کے بعد انہیں فلم مام میں شاندار اداکاری کے سبب نیشنل ایوارڈ اور ایفا ایوارڈ سے نوازا گیا تاہم یہ دونوں ایوارڈز ان کے شوہر بونی کپور اور دونوں بیٹیوں جھانوی اور خوشی کی جانب سے وصول کیے گئے۔