• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اور خوبرو اداکارہ سجل علی نے بھارتی آنجہانی سُپر اسٹار سری دیوی کے ساتھ بنانے والی فلم ’موم‘ کے تین سال مکمل ہونے پر اپنا ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سجل علی نے فلم ’موم‘ کے سیٹ کی کچھ یادگار تصاویر پوسٹ کیں جن میں اُن کے ساتھ آنجہانی سُپر اسٹار سری دیوی سمیت فلم کی دیگر کاسٹ بھی موجود ہے۔


تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے سجل علی نے لکھا کہ ’کچھ تجربات ایسے ہوتے ہیں جن کو آپ ہمیشہ یاد رکھتے ہیں، چاہے کتنا ہی وقت کیوں نہ گُزرجائے آپ وہ سب کبھی نہیں بھولتے ہیں۔‘

سجل علی نے اداکاروں کی زندگی کے حوالے سے لکھا کہ ’بہت سے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اداکاروں کی زندگی بہت آسان ہوتی ہے لیکن کوئی بھی ہماری زندگی کی اُن چیزوں کے بارے میں نہیں سوچتا ہے جو ہم کردار کے مرتکب کے وقت پیچھے چھوڑ آتے ہیں۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’جب ہم کوئی پروجیکٹ کرتے ہیں تو اپنی زندگی کا ایک ایسا حصہ اُس پر مرتب کرتے ہیں اور اس دوران ہماری زندگی رُک سی جاتی ہے جو کبھی کبھی اداکار کے لیے سب سے مشکل ترین چیز بھی ہوسکتی ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میرے لیے ’موم‘ صرف ایک فلم نہیں تھی بلکہ یہ میری زندگی کا ایک حصہ ہے جسے میں کبھی نہیں بھول سکتی ہوں۔‘

واضح رہے کہ بھارتی فلم ’موم‘ 7 جولائی 2017 کو ریلیز ہوئی تھی، اس فلم کی ہدایت کاری روی ادیاور نے انجام دی تھی جبکہ فلم کے مرکزی کرداروں میں بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ سری دیوی، اداکار اکشے کھنّہ، نوازالدین صدیقی، سجل علی اور اداکار عدنان صدیقی شامل ہیں۔

تازہ ترین