• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری دیوی اور امریش پوری کی کمی محسوس ہوتی ہے، انیل کپور

بھارتی فلم اسٹار انیل کپور کا کہنا ہے کہ اُن کو ماضی کے اپنے اُن ساتھی اداکاروں کی کمی محسوس ہوتی ہے جو آج اُن کے ساتھ نہیں ہیں۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکار انیل کپور کا کہنا ہے کہ ’میں نے اپنے فلمی کیرئیر میں ہر طرح کے اداکار و اداکاراؤں کے ساتھ کام کیا ہے اور فلمی دُنیا میں چار دہائیاں گُزارنے کی بعد بھی مجھے ہمیشہ اپنے ماضی کے ساتھی فنکاروں کی کمی محسوس ہوتی ہے۔‘

انیل کپور نے کہا کہ ’میں جب بھی کوئی نئی فلم کرتا ہوں تو مجھے اپنے وہ دوست یاد آتے ہیں جو آج اِس دُنیا میں نہیں ہیں۔‘

بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ ’سری دیوی، امریش پوری،  بابو صاب،  آنند بخشی اور لکشمی کانت کی بہت یاد آتی ہے، ہم جس طرح مل کر کام کرتے تھے وہ سب بہت یاد آتا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’بہت سے ہدایتکار ایسے بھی ہیں جن کے ساتھ مجھے دوبارہ کام کرنے کا موقع نہیں ملا۔‘

انیل کپور نے کہا کہ ’آج کل فلمیں دیکھنے والوں کا ذوق بدل گیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ میں مختلف کرداروں کے ساتھ تجربے کروں۔‘ 

اُنہوں نے کہا کہ ’کردار دلچسپ ہو یا نہیں اِس کا انحصار تحریر پر ہوتا ہے اگر تحریر اچھی ہوتی ہے تو ہمارے لیے کام آسان ہوجاتا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’کسی پروجیکٹ میں ڈائیریکٹر اور آپ کی ٹیم اچھی نہیں ہوگی تو اداکار اچھا کام نہیں کر سکے گا لیکن اگر آپ کو تعاون کرنے والی ٹیم مل جائے گی تو آپ اچھے سے کام کرسکیں گے۔‘

اُنہوں نے اداکاری کے دوران پیش آنے والے چیلنجز کے حوالے سے کہا کہ ’اداکاری کے دوران آپ کا سب بڑا چیلنچ یہ ہوتا ہے کہ آپ جو بھی کردار کر رہے ہیں خود کو اُس کی تصویر کشی کرنے کے لیے پُر اعتماد بنائیں اور آپ اپنے کام کو ڈائیریکٹر اور ساتھی اداکار کے کام کرنے کے انداز کے مطابق ڈھالیں۔‘

بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ ’میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ میں اپنی اداکاری سے ڈائیریکٹر کو خوش کروں اور اِس کے لیے میں بہت زیادہ محنت کرتا ہوں۔‘

اُنہوں نے اپنے بچوں کے حوالے سے کہا کہ ’میرے بچوں نے بھی فلمی دُنیا میں اپنا کام شروع کردیا ہے ابھی اُن کی شروعات ہے اور مجھے اُمید ہے کہ مستقبل میں وہ مزید بہتر کام کریں گے۔‘

تازہ ترین