سینیٹ الیکشن 2021: سندھ میں ٹیکنوکریٹ کی نشست پر نظرثانی شدہ فہرست جاری

February 24, 2021

سینیٹ انتخابات 2021 میں الیکشن کمیشن نے سندھ میں ٹیکنوکریٹ کی نشست پر نظرثانی شدہ فہرست جاری کردی۔

نظر ثانی شدہ فہرست میں 8 امیدواروں کے نام شامل ہیں جن میں سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تین تین، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کا ایک ایک امیدوار شامل ہے۔

نظر ثانی شدہ فہرست میں پی ٹی آئی کے سیف اللّٰہ ابڑو کا نام شامل نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کے حنید لاکھانی، ثمر علی خان اور حسن بخشی کے نام شامل ہیں جبکہ پی پی پی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک، شہادت اعوان اور کریم خواجہ کے نام شامل ہیں۔

تحریک لبیک کے یشاء اللّٰہ خان جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے شہاب امام کا نام نظرثانی شدہ فہرست میں شامل ہیں۔

نظرثانی شدہ فہرست الیکشن ٹریبونل میں اپیلوں پر فیصلے کے بعد جاری کی گئی ہے۔

خواتین اور جنرل نشستوں پر امیدواروں کی حیثیت پر کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔