صحافیوں نے ہمیشہ جمہوریت کی بحالی کیلئے قربانیاں دی ہیں،شوکت یوسفزئی

February 25, 2021

پشاور(جنگ نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پشاور کے صحافیوں نے ہمیشہ جمہوریت کی بحالی کے لیے قربانیاں دی ہیں اور پشاور پریس کلب ہر جمہوری تحریک کا مرکز رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پریس کی آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتی اس کے لئے ماضی میں کارکن صحافیوں نے بہت بڑی جدوجہد کی ہے اور یہ جدوجہد آج بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں جب اپوزیشن میں ہوتی ہیں تو وہ صحافیوں کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہیں لیکن اقتدار میں آکر وہ کارکن صحافیوں کی جدوجہد کو فراموش کر دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا اس طرح عام آدمی کے مسائل اجاگر نہیں کر رہا جس طرح کہ پرنٹ میڈیا کرتا تھا۔یہ شاید ان کی اپنی مجبوریاں ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے موجودہ حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب میں آزادی صحافت کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سمینار سے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ماہرین قانون عبداللطیف آفریدی،عنائیت اللہ خان عبدالجلیل جان اور ایوب شاہ سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے خطاب کیا۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت کارکن صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ یہ حکومت صحافی دوست ہے۔ہم جب پہلی بار اقتدار میں آئے تو اس صوبے میں رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ بنایا،تاکہ کہ صحافیوں کو تمام تر معلومات فراہم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ایکٹ سے فائدہ اٹھانا صحافیوں کا کام ہے حکومت کسی سے کوئی چیز چھپانا نہیں چاہتی۔ ہم چاہتے ہیں کہ میڈیا عوام کے اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے مسائل اٹھائے۔اس وقت الیکٹرونک میڈیا صرف سیاست سیاست کھیل رہا ہے عوام کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی جس کی وجہ سے عام آدمی صحافت کے پیشے سے مایوس ہو رہا ہے کیونکہ صحافی ان کی آواز نہیں بن رہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ جب صحافی غریبوں کی آواز بنیں گے تو ان کی طاقت بھی بڑے گی۔ انہوں نے کارکن صحافیوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اختلافات ختم کریں۔انہوں نے کہا کہ آزاد میڈیا ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔