سندھ ہائیکورٹ، الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ برقرار، رؤف صدیقی کی اپیل مسترد

February 26, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلےکو برقرار رکھتے ہوئے سینٹ انتخابات میں حصہ لینے کے لئے متحدہ پاکستان کے رہنما عبد الرؤف صدیقی کی اپیل مسترد کردی ہے۔عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ آپ کو ریلیف دینے کا مطلب پورے ملک میں چودہ سال تعلیم والے اہل ہوجائیں گے۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سر براہی میں جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سینیٹ انتخابات کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار عبد الرؤف صدیقی کی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے کہا کہ کیا رؤف صدیقی نے بی اے کے بعد کوئی ڈگری لی، اگر رؤف صدیقی نے پوسٹ گریجویٹ نہیں کیا تو کیسے اجازت دیں، اگر رؤف صدیقی کو اجازت دے دیں تو پھر سب کو دینا پڑے گی، اگر اس شرط پر اعتراض تھا تو پہلے قانون چیلنج کرتے، پہلے درخواست آتی تو اٹارنی جنرل سے پوچھتے، اب کیا کریں اس قانون کو کالعدم کردیں؟ ایسا کیسے ممکن ہے ابھی ؟۔ رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ میرا الیکشن بھاڑ میں جائے یہاں لاکھوں بچوں کے مستقبل کی بات ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اس شرط پر کتنے لوگ نااہل ہوئے ہیں ؟۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ سندھ میں اس بنیاد پر ایک ہی امیدوار نااہل ہوا ہے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ اس موقع پر قانون میں ترمیم کا حکم نہیں دے سکتے۔ بعد ازاں عدالت کی جانب سے فیصلہ سنایا گیا۔ عدالت نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف رؤف صدیقی کی درخواست مسترد کردی۔ واضح رہے کہ ریٹرننگ افسر اور ٹریبونل نے رؤف صدیقی کو نااہل قرار دیا تھا۔