این اے 75 الیکشن کالعدم قرار دینے کا فیصلہ درست ہے، تجزیہ کار

February 26, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے سوال ڈسکہ این اے 75، الیکشن کالعدم قرار، دوبارہ پولنگ کا حکم، ڈسکہ این اے 75 میں کمشنر اور آر پی او کو عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ، کیا فیصلہ درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئےمظہر عباس نے کہا کہ این اے 75الیکشن کالعدم قرار دینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ درست ہے، الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں جن چیزوں کی نشاندہی کی انہی پر اعتراض تھا، دوبارہ پولنگ میں یقینی بنانا ہوگا کسی قسم کی دھند نہ ہو تاکہ الیکشن سازگار ماحول میں ہوسکے،الیکشن افسران سے آئی جی ،چیف سیکرٹری اور مقامی انتظامیہ نے تعاون نہیں کیا اس حوالے سے ایکشن بھی بہتر ہیں، پولنگ کے دن گولیاں چلانے اور پریزائیڈنگ افسران کو اغوا کرنے والوں کو گرفتار کر کے سزا دی جانی چاہئے،الیکشن کمیشن آزاد اور خودمختار فیصلے کرنے لگے تو جمہوری روایات مزید بہتر ہوجائیں گی۔مظہر عباس کا کہنا تھا کہ جنرل حمید گل نے مجھے انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے پی پی مخالف جماعتوں کو اکٹھا کر کے آئی جے آئی بنائی تھی تاکہ پیپلز پارٹی کی فتح کے مارجن کو کم کیا جاسکے۔