اسد عمر کی راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

February 26, 2021

اسلام آباد،راولپنڈی(کامرس رپورٹر ، اپنے رپورٹر سے ) وزیر منصوبہ بندی ترقی اسد عمر نے کہاہے کہ رنگ روڈ منصوبہ راولپنڈی شہر کے اندر ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا ،منصوبے کے امور کی ٹائم لائن جلد طے کرنے اور تیزی سے معاملات کوآگے بڑھایا جائے ، منصوبے کی طے کردہ ٹائم لائن میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے، جمعرات کو وزیرمنصوبہ بندی کی زیر صدارت اجلاس میں کمشنر راولپنڈی محمد محمود نے جڑواں شہروں کے فلیگ شپ منصوبہ رنگ روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کی پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ انٹرنیشنل ٹینڈر تیار ہے جو اگلے ہفتہ اخبارات میں دیدیا جائیگا۔دریں اثناء کمشنر راولپنڈی نے اراضی ریکارڈ سنٹر روات کے دورہ کے موقع پر رنگ روڈ کے متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام پٹواری اور دیگر ریونیو کا عملہ کام کی رفتار تیز کریں، دنوں اور گھنٹوں میں نتائج دیں تاکہ اس مفاد عامہ کے اس اہم منصوبہ پر کام کا آغاز کیا جا سکے۔