• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمائما گولڈ اسمتھ نے کیمرون اوریلی سے شادی کی یادگار تصاویر شیئر کر دیں

---تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
---تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

جمائما گولڈ اسمتھ نے آئرش نژاد آسٹریلوی فنانسر کیمرون اوریلی کے ساتھ اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔

52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ ایوارڈ یافتہ اسکرین رائٹر اور پروڈیوسر ہیں، انہوں نے 62 سالہ کیمرون اوریلی سے شادی کی ہے، جو آنجہانی آئرش کاروباری شخصیت، میڈیا ٹائیکون اور عالمی سطح کے رگبی کھلاڑی سر انتھونی اوریلی کے بیٹے ہیں۔

دونوں کی ملاقات فلموں اور دستاویزی منصوبوں پر کام کے دوران ہوئی تھی اور وہ تقریباً ایک سال سے ایک دوسرے کو جانتے تھے۔

جمائما نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں شادی کی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں ان کے دونوں بیٹے اور دوست بھی ان کے ہمراہ دکھائی دے رہے ہیں۔

انہوں نے اپنی انسٹا پوسٹ میں شادی کی تاریخ 12 ستمبر 2026ء لکھتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دونوں کے لیے اس دن کو اتنا خاص اور خوشیوں بھرا بنانے والے تمام لوگوں کا دل سے شکریہ۔

یہ جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی ہے، پہلی شادی پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم اور سابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان عمران خان سے ان کی 9 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد ختم ہوئی تھی۔

جمائما اور عمران خان کی شادی 1995ء میں ہوئی تھی جبکہ دونوں میں 2004ء میں طلاق ہوئی، ان کے 2 بیٹے سلیمان اور قاسم خان ہیں۔


طلاق کے باوجود جمائما گولڈ اسمتھ عمران خان کی گرفتاری اور پاکستان میں ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کے حوالے سے مسلسل آواز اٹھاتی رہی ہیں۔

گزشتہ ماہ انہوں نے برطانوی حکومت سے عمران خان کی صورتِ حال پر آواز اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کو انسانی حقوق کا ہنگامی معاملہ قرار دیا تھا۔

جمائما نے عمران خان کی صحت، تنہائی اور اہلِ خانہ تک رسائی کے حوالے سے بھی خدشات کا اظہار کیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید