چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ایک سال کیلئے فرسٹ بورڈ کی منظوری

March 01, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ، بورڈ آف گورنرز نے چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کےلیے پہلے بورڈز کی عبوری ایک سالہ مدت کیلئےمنظوری دے دی ہے۔ اس مدت کے دوران، یہ فرسٹ بورڈز ماڈل آئین برائے سٹی کرکٹ اور کرکٹ ایسوسی ایشنز میں انتظامی کمیٹی کو سونپی جانی والی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ فرسٹ بورڈز کی ذمہ داریوں میں کرکٹ ایونٹس کا انعقاد بھی شامل ہے ۔ یہ فیصلہ کراچی میں بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ میں کیا گیا۔ پی سی بی کے نئے آئین کے تحت ابھی تک ایسوسیایشن کے معاملات بورڈ خود چلارہا تھا۔ احسان مانی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایسوسی ایشن کو اپنے سی ای او، ہیڈ آف کرکٹ آپریشنز اکائونٹنٹ کا تقرر کرنا ہے۔ ہر ایسو سی ایشن کے ساتھ 15-16 بڑے شہر ہوں گے جبکہ ایک سو کے قریب کوچز کا تقرر ہوگا جن میں سابق کھلاڑیوں کو ملازمت کے مواقع ملیں گے۔ ڈائریکٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ یکم مارچ سےکلبوں کی آن لائن رجسٹریشن پراسس شروع ہورہا ہے۔ سٹی کرکٹ کے ٹرائلز مارچ میں ہوں گے جس میں90ٹیمیں شریک ہوں گی۔ سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن میں عمران حسین (چیئرمین)، عبدالرقیب، آفتاب بلوچ، آغا جاوید احمد، ہدیل عبید، جمیل اے مغل، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ جاوید ضیاء اور سید فاروق حسین شاہ شامل ہیں۔