بورس جانسن کی سرکاری رہائش گاہ کی تزئینِ نو کیلئے چیریٹی قائم کرنے کی کوشش

March 02, 2021

برطانوی وزیرِاعظم بورس جانسن اپنی سرکاری رہائش گاہ کی تزئینِ نو کے فنڈز کے لیے چیریٹی قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

برطانوی میڈیا رپورٹ کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کے تحت وزیراعظم کی منگیتر کیری سمنڈز کی خواہش پر تعمیراتی کام بھی کیا جائے گا۔

ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے ترجمان نے اس بات سے انکار نہیں کیا کہ وزیراعظم جونسن، ڈاؤننگ اسٹریٹ کی دیکھ بھال کے لیے فنڈ قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس میں اُن کی پارٹی کے حامی فلاحی رقم جمع کرا سکیں گے۔

اُن کی منگیتر کیری سمنڈز نے 11 ڈاؤننگ اسٹریٹ کی پہلی منزل پر واقع اپنے رہائشی فلیٹ میں بڑے پیمانے پر آرائشِ نو کا کام شروع کر رکھا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چیریٹی فنڈ کا مقصد نہ صرف وزیراعظم کے رہائشی فلیٹ کی دیکھ بھال کرنا ہوگا بلکہ اُس فنڈ کو ڈاؤننگ اسٹریٹ کے دیگر سرکاری کمروں اور دفاتر کی ثقافتی دیکھ بھال کے لیے بھی استعمال میں لایا جائے گا۔