• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

21جون تک لاک ڈاؤن پابندیاں ختم، خاتمہ چار مراحل میں ہوگا، 8 مارچ سے اسکول کھل جائیں گے، ملک کے دیگر 3 حصوں میں مقامی حکومتیں علیحدہ حکمت عملی اپنائیں گی، بورس جانسن

لندن (سعید نیازی، شہزاد علی) وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ 21جون تک لاک ڈاؤن کی تمام پابندیاں ختم کردی جائیں گی تاہم پابندیوں کو مرحلہ وار اٹھایا جائے گا، پیر کی دوپہر پارلیمنٹ میں لاک ڈائون میں نرمی کے حوالے سے روڈ میپ کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کو چار مراحل میں ختم کیا جائے گااور ہر مرحلے کے درمیان پانچ ہفتوں کا وقفہ ہوگا۔ بورس جانسن نے کہا کہ غیر ضروری اشیاء کی دوکانیں، ہیئر ڈریسر، جم اور آئوٹ ڈور مہمان نوازی کا شعبہ 12اپریل سے کھولا جائے گا، جبکہ دو گھرانوں کے چھ افراد بیئر گارڈن میں ملاقات کرسکیں گے۔ پابندیوں نرمی کے حوالے سے حکومت ویکسین پروگرام، انفیکشن کی شرح، اموات کی تعداد نئے وائرسز پر کنٹرول کو مدنظر رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ روڈ میپ محتاط انداز میں تیار کیا جائے گا تاکہ پابندیاں دوبارہ عائد نہ کرنی پڑیں اور مزید پابندیوں نرمی سے قبل ’’ڈیٹس کو نہیں ڈیٹا‘‘ کو مدنظر رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین موثر انداز میں کام کررہی ہیں لیکن کوئی بھی ویکسین ایک سو فیصد تحفظ فراہم نہیں کرتی۔ بورس جانسن نے مزید کہا کہ 8 مارچ سے تمام اسکول کھل جائیں گے اور آئوٹ ڈور، کھیلوں کی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی، اس تاریخ سے دو افراد پارک میں اکھٹے بیٹھ کر کافی وغیرہ پی سکیں گے۔ 29 مارچ سے دو گھرانوں کے چھ افراد گھر سے باہر یا پرائیوٹ گارڈن میں ملاقات کرسکیں گے۔ 29 مارچ سے ہی ٹینس، باسکٹ بال کورٹس، گالف کورٹس کے علاوہ فٹ بال گرائونڈ بھی کھل جائیں گے۔ کیئر ہومز کے ہر رہائشی کو ایک شخص سے ملاقات کی اجازت ہوگی۔ اس تاریخ سے لوگ اپنے علاقوں سے باہر جاسکیں گے لیکن رات بسر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سکینڈری کےطلبہ کو کلاس اور کوریڈور میں فیس ماسک پہننا ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں 12 اپریل سے معیشت کا بڑا حصہ کھلے گا، جس میں غیر ضروری اشیاء کی دکانیں، ہیئر ڈریسر، لائبریری، میوزیم وغیرہ شامل ہونگے۔ سوئمنگ پول اور جم بھی کھل جائیں گے، سیلف کیٹرنگ ہٹس اور کیمپ سائٹس بھی کھل جائیں گے لیکن مختلف گھرانوں کے افراد کی گھر میں ملاقات ممکن نہیں ہوگی۔ جنازے میں 30 اور شادی میں 15 افراد کی پابندی برقرار رہے گی۔ 17 مئی کو تیسرے مرحلے میں اگر ڈیٹا نے اجازت دی تو آئوٹ ڈور چھ افراد کی بجائے 30 افراد تک جمع ہوسکیں گے۔ دو گھرانوں کے افراد گھر میں ملاقات کرسکیں گے، پب وغیرہ میں چھ افراد میں اکھٹے بیٹھ سکیں گے۔ سینما، ہوٹل، پرمارنس اور تھیٹر سماجی دوری کی پابندیوں کے ساتھ کھل سکیں گے۔ فٹ بال سٹڈیم میں 10 ہزار فراد کو آنے کی اجازت ہوگی۔ جنازے کے علاوہ شادی میں بھی 30 افراد تک شرکت کرسکیں گے۔ چوتھے مرحلے میں معمولی زندگی بحال ہوجائے گی اور سماجی رابطوں کے حوالے سے پابندیاں ختم ہوجائیں گی۔ حکومت کو امید ہے کہ اس تاریخ کے بعد شادی اور جنازوں پر لوگوں کی تعداد کے حوالے سے پابندی کو ختم کردیا جائے گا۔ ملک کے دیگر تین حصوں میں لاک ڈائون میں نرمی کے حوالے سے مقامی حکومتیں علیحدہ حکمت عملی تیار کریں گے۔دریں اثناء لیبر پارٹی کے اپوزیشن لیڈر سر کئیر سٹارمر نےاس موقع پر اپنا مطالبہ پھر دہرایا ہے کہ اساتذہ اور اسکولوں کے عملہ کو ویکسین لگانے کا تیز رفتار عمل اپنایا جائے۔

تازہ ترین