سولیسٹر صادق سبہانی کی خوش دامن وفات پاگئیں

March 03, 2021

لوٹن ( نمائندہ جنگ) لوٹن کی ممتاز شخصیت سولیسٹر صادق سبہانی کی خوش دامن وفات پاگئیں، نماز جنازہ لوٹن سنٹرل ماسک کے خطیب مولانا حافظ اعجاز احمد کی امامت میں ادا کردی گئی اور انہیں لوٹن کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا، اس موقع پر مولانا حافظ اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ مرحومہ ایک نیک سیرت خاتون تھیں، دعا ہے کہ اللہ پاک مرحومہ کےخاندان کوصبر جمیل عطا فرمائے اور مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے. انہوں نے مرکزی جامع مسجد کی انتظامیہ کی جانب سے بھی خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ کوویڈ پابندیوں کے باعث ٹیلی فون پر کمیونٹی کی جانب سے خاندان کے ساتھ تعزیت کی جا رہی ہے _ لارڈ قربان حسین نے اپنے تعزیتی کلمات میں کہا کہ ایسی خواتین کا کردار کمیونٹی کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے جنہوں نے برطانوی معاشرے میں اپنی تہذیب اور اقدار کو قائم رکھتے ہوئے اپنے بچوں کو تعلیم کے اعلیٰ زیور سے آراستہ کیا اور ان کی اچھی تربیت کی ۔ دیگر شخصیات نے بھی برطانیہ میں ایک "کامیاب سنگل/بیوہ پیرنٹنگ” کے طور ان کے کردار کو کمیونٹی میں نہایت اچھے الفاظ میں سراہا۔ مرحومہ کے داماد صادق سبہانی کا کہنا تھا کہ ایسی خواتین کا کامیاب اولادوں کے پیچھے کردار کو عام کرکےمستقبل کی تارکین وطن ماؤں کیلئے ایک پیغام دیا جا سکتا ہے۔سماجی کارکن شگفتہ شہباز کا کہنا تھا کہ مرحومہ ہمارے لیے ایک مثالی خاتون تھیں جنہوں نے اپنے خاوند کی رحلت کے بعد اپنی اولاد کی پرورش اور دیگر عزیز واقارب کے علاوہ کمیونٹی کی خدمت کو اپنا شعار بنائے رکھا، اللہ پاک انہیں غریق رحمت کرے۔