وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ضم اضلاع کے ترقیاتی پیکج کا نام ’روښانه قبائل‘ ہوگا۔
پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت اجلاس میں ضم اضلاع کے ترقیاتی پیکج کی تیاری سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کی معاشی ترقی کے لیے 6 تھیمیٹک ایریاز میں سرمایہ کاری ہوگی، ترقیاتی پیکج کا حجم ایک ہزار ارب روپے ہوگا۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ ضم اضلاع کے بنیادی ڈھانچے، انسانی وسائل اور روزگار پر سرمایہ کاری ہوگی۔
انہوں نے ترقیاتی پیکج میں قبائل میڈیکل کالج، انسٹیٹیوٹ آف ماڈرن سائنسز اور ڈیجیٹل سیٹیرز بھی شامل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع میں ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو اسپتالوں کا قیام بھی پیکج میں لیا جائے، ہر ضم ضلع میں اسپورٹس کمپلیکس اور اسپورٹس گراؤنڈ بنایا جائے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ضم اضلاع کے اسکولوں اور مراکزِ صحت کی سولرائزیشن کو پیکج میں لیا جائے۔ ضم اضلاع میں یتیم خانے، پناہ گاہیں اور ریسکیو اسٹیشن قائم کیے جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 1245 پرائمری اسکولوں کا قیام اور ساڑھے 11 ہزار اساتذہ کی بھرتی پیکج میں لی جائے، ضم اضلاع میں اسکولوں کی اپ گریڈیشن اور بحالی کا کام کیا جائے۔