مسلم کانفرنس آئندہ انتخابات میں اکثریت سے کامیاب ہوگی ، اسحاق صابر

March 03, 2021

برمنگھم (ابرار مغل) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے مرکزی صدر راجہ اسحاق صابر نے کہا ہے کہ سردار عتیق احمد خان کی اعلیٰ بصیرت اور سیاسی دانش کی وجہ سے مسلم کانفرنس کا مورال بلند ہونے کے ساتھ ساتھ سیاسی قائدین کی واپسی مسلم کانفرنس کی طرف ہو رہی ہے۔ آمدہ انتخابات میں مسلم کانفرنس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے واحد ریاستی جماعت ہونے کا ثبوت دے گی۔ راجہ اسحاق صابر نے اپنے ایک بیان میں سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار سکندر حیات کا مسلم کانفرنس کا سپریم ہیڈ بننے کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے کہا کہ سردار سکندر حیات خان اور دیگر اعلیٰ قیادت کی واپسی اس بات کی غماز ہے کہ مسلم کانفرنس آج بھی سواداعظم سیاسی جماعت اور تحریک آزادی کشمیر کی داعی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاستی جماعت ہونے کے ناطے ریاست کی وحدت اور آکائی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم کانفرنس آج بھی عوامی مقبولیت رکھتی ہے اور اب سردار سکندر حیات خان اور دیگر اعلیٰ سیاسی قیادت کی واپسی سے مزید مضبوط اور مستحکم جماعت بن کر ابھری ہے۔ راجہ اسحاق صابر نے کہا کہ برطانیہ مسلم کانفرنس کا گڑھ ہے۔ یہاں آج بھی مجاہد اول مرحوم سردار عبدالقیوم خان کے ساتھی اور جانثار موجود ہیں اور تاقیامت اپنی وابستگی نسل در نسل مسلم کانفرنس کے ساتھ ہی رکھیں گے۔