پی ڈی ایم اپنے اصولی موقف سے دستبردار نہیں ہوگی‘ صادق عمرانی

March 03, 2021

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کی جیت جمہوریت کو فتح سے قریب تر کرنے کیلئے سہل رستہ فراہم کرے گی۔ ایوان صدر کی جانب سے سرزد ہونے والی غلطیوں کی ہیٹرک پوری ہونے میں صرف ایک اور وکٹ درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جنگ میں یقینی ہار کو دیکھ کر اور راہ فرار نہ ملنے پر لفاظی جنگ کا آغاز درباریوں کا بہت پرانا وطیرہ رہا ہے۔ویسے بھی تبدیلی سرکار کے پاس درباریوں کا جم گھٹا ہے جنہیں بوقت ضرورت وزارتوں میں رکھا اور نکالا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو بے توقیرکرکے سینیٹ میں برتری حاصل کرنےا ور اپنے گرتے ہوئے گراف کو مزید نیچا ہونے سے بچانے کیلئے جس غیر سیاسی عمل کا آغاز کیا گیا تھا وہ آئین کے محافظوں کے ہوتے ہوئے اور ان کی طویل سیاسی جدوجہد کے صدقے اپنی موت آپ مر گیا۔ اب انتظار صرف اتنا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے فوری بعد اسے سپردخاک کردیا جائے کیونکہ اب تبدیلی سرکار کو غیر متوقع نتائج کا سامنا کرنا ہوگا ۔ صادق عمرانی نے کہا کہ کرپشن ایک بڑا معاشرتی و سماجی عارضہ ہے جس کو بنیاد ضیاء دور حکومت میں فراہم کی گئی۔ سیاست میں پیسے کا عنصر شامل کرنا ہی اس دور حکومت کی غلطی تھی جس کے بعد یہ زہر اداروں تک سراہیت کرتا چلاگیا اور قوم اپنے مطلوبہ اہداف سے دور ہوتی چلی گئی۔ حد تو یہ ہوئی کہ آج پیسہ رشتوں کی پہچان بن گیا ضیاء آمریت میں بوئے گئے کانٹوں کی چبھن آج بھی قوم محسوس کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت پسند قوتوں نے میدان کبھی مسلط کردہ حکمرانوں کیلئے خالی نہیں چھوڑا۔ سینیٹ نتائج کچھ بھی ہوں سلطنت عمرانیہ پی ڈی ایم کو اس کے اصولی موقف سے دستبردار نہیں کرسکتی۔ ہماری سیاسی و عملی جدوجہد مسلط کردہ حکمرانوں کے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔