8 سالہ جوزف ڈین پروفیشنل گیمر بن گیا

March 04, 2021

لندن(پی اے ) 8 سال کی عمر بچوں کے کھیلنے کودنے کی عمر ہوتی ہے لیکن کیلی فورنیا کا رہائشی 8 سالہ جوزف ڈین فورٹ نائیٹ کا پروفیشنل گیمر بن گیا اور گزشتہ دسمبر میں اس کو کیلیفورنیا کی کھیلوں سے متعلق ٹیم 33 نے معاہدے کیلئے اپنے ہیڈکوارٹر بلایا جس کے بعد جوزف نے اس ٹیم کے ساتھ 33,000ڈالر کے ایک معاہدےپر دستخط کردئے اس طرح وہ ٹیم33 کا حصہ بن گیا ۔جوزف فورٹ نائیٹ کا کمسن ترین کھلاڑی بتایا جاتاہے جسے اس کے کھیل کے عوض بھاری رقم ادا کی جائے گی۔اس کے ساتھ ایک ہائی اسپیڈ کمپیوٹر بھی دیاجائے گا۔فورٹنائیٹ ایک فرسٹ پرسن اسٹائل شوٹنگ اور بلڈنگ گیم ہے جو پوری دنیا کے لاکھوں افراد آن لائن کھیلتے ہیں۔جوزف کاکہناہے کہ کنٹریکٹ کی آفر پر میں حیران رہ گیا بی بی سی سے باتیں کرتے ہوئے اس نے بتایا کہ میں ایک پروفیشنل گیمر بننا چاہتاتھا لیکن جب تک ٹیم 33نے مجھے آفر نہیں کی کوئی میری بات پر سنجیدگی سے توجہ دینے کو تیار نہیں تھا۔ جوزف نے بتایا کہ وہ 4 سال کی عمر سے فورٹنائیٹ کھیل رہا ہے اور 18 ماہر قبل اسپورٹس ٹیم نے اس پرتوجہ دی ، جوزف کو اپنی ٹیم کا حصہ بنانے والی ٹیم 33 کے چیف ایگزیکٹو ٹائلر گیلاغر کاکہناہے کہ ہمارے ایک ساتھی نے اس سے رابطہ کیا ہمیں معلوم ہوا کہ اس بچے کانام جوزف ہے جو غیرمعمولی طورپر اچھا کھلاڑی ہے اس کے بعد انھوں نے روزانہ دوبدو میچز کھیلنا شروع کردئے ،کچھ دنوں کے بعد میرے ساتھی نے کہا کہ آپ کو اس بچے کو اپنی ٹیم میں شامل کرلینا چاہئے اگر ہم ایسا نہیں کریں گے تو کوئی اور ایسا کرلے گا۔esportsearnings.com ویب سائٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں صرف 2 سب سے زیادہ رقم کمانے والے فورٹنائٹ کھلاڑی 18 سال کے ہیں ،جبکہ فورٹنائٹ ورلڈ کپ ایک 16 لڑکے کائیل بوگھا نے 2019 میں جیتا تھا اور3ملین ڈالر حاصل کرلئے تھے۔ جوزف کاکہناہے کہ بوگھا کی طرح بننا میرا خواب تھا میں اسے دیکھتا تھا کیونکہ ورلڈ کپ جیتنے سے قبل کوئی بھی اسے سنجیدگی سے نہیں لیتاتھا،میرا حال بھی یہی تھا ٹیم 33 کی جانب سے ٹیم میں شامل کئے جانے سے قبل کوئی مجھے بھی سنجیدگی سے نہیں لیتاتھا۔دنیا میں عمر کا سرٹیفیکٹ جاری کرنے والے بڑے اداروں کا کہناہے کہ جوزف فورٹنائٹ کھیلنے کیلئے ابھی بہت کمسن ہے ،یہ کھیل پہلی مرتبہ 2017میں سامنے آیاتھا اور اس میں معمولی تشدد شامل ہونے کی وجہ سے اسے کمسن بچوں کیلئے PEGI 12 یا ESRB کا درجہ دیاگیاتھا ،جوزف کی والدہ کاکہناہے کہ ان کی پریشانی کی یہ وجہ نہیں ہے انھوںنے بتایا کہ وہ اسکول کے اوقات کے بعد جوزف کوروزانہ 2-3 گھنٹے اوراختتام ہفتہ زیادہ دیر تک فورٹنائیٹ کھیلنے کی اجازت دیتی تھیں، ان کاکہناہے کہ میں نے یہ گیم دیکھا ہے اور مجھے تو ایسا محسوس نہیں ہوا کہ میں نے کچھ غلط کیاہو۔انھوں نے کہا کہ جوزف ایک متوازن لڑکا ہے اس کا تعلق اچھی فیملی سے ہے وہ اس سے متاثر نہیں ہوگا۔جوزف کی والدہ نے بتایا کہ جوزف پیانو بجانا پسند کرتاہے جسے وہ اور اس کی ٹیم کے ارکان اس کی کامیابی کا راز قرار دیتے ہیں،جوزف نے بتایا کہ جب اس نے کمپیوٹر پر پیانو بجانا شروع کی تو میں فورٹنائیٹ میں بھی ماہر ہوگیا۔جوزف کا کہناہے کہ وہ اس گیم کے ہر پہلو پر عبور رکھتاہے لیکن بلڈنگ اور ایڈیٹنگ زیادہ اچھی کرتاہے اور ٹرک شاٹس پسند کرتا ہے ،جوزف کی والدہ نے بتایا کہ جوزف نے بونس پر دستخط کرکے جو رقم حاصل کی ہے وہ سیونگ اکائونٹ میں رکھ دی گئی ہے جو اس کے بڑے ہونے پر اس کے کام آئے گی۔ گیمنگ سپر اسٹار بننے کی اس خواہش کی تکمیل کیلئے ابھی اسے کچھ انتظار کرنا ہوگا کیونکہ فورٹنائیٹ کیش کپ مقابلوں میں 13 سال سے کم عمر بچے حصہ نہیں لے سکتے،اس لئے وہ صرف ٹورنامنٹس میں شریک ہوسکے گا جس میں کوئی انعامی رقم نہیں ہوتی۔جوزف اپنے میچ آن لائن لانا چاہتا ہے لیکن اس کی والدہ اس کی اجازت نہیں دیتیں اور اگر اس کی والدہ اجازت دے بھی دیں تو بھی قوانین کی خلاف ورزی جوزف اور اس کی نئی ٹیم کیلئے مشکلات کا باعث ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ 2019 میں ایک 11سالہ پروفیشنل کھلاڑی پر اس کی عمر ثابت ہونے پر ٹوئچ پر اسٹریمنگ کرنے پر پابندی عاید کی جاچکی ہے۔جوزف نے جس کنٹریکٹ پر دستخط کئے ہیں اس کے تحت اس پر روزانہ کھیلنے کیلئے گھنٹوں کی کوئی پابندی نہیں ہے اور وہ جب چاہے معاہدے سے علیحدہ ہوسکتا ہے ۔ ٹیم کے چیف ایگزیکٹو ٹائلر کا کہناہے کہ ہم جوزف کوتربیت دے کر کم عمری میں اعلیٰ درجے کاکھلاڑی بنائیں گے اور جیسے ہی وہ مناسب عمر کو پہنچے گا اسے بڑے مقابلوں میں شریک کیاجائے گا،فی الوقت جوزف صرف ان ٹورنامنٹس میں حصہ لے سکتاہے جس میں کوئی کپ نہیں ہوتا۔انھوں نے کہا کہ ہم یوٹیوب کے ذریعے اس کی آن لائن موجودگی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں جو کہ قانونی ہے ،آن لائن اس کی موجودگی کی صورت میں ہم اس کے نام کے ملبوسات تیار کریں اور انھیں فروخت کرکے 33,000 ڈالر کما سکتے ہیں ، سرکاری ریکارڈ کے مطابق جوزف اب تک دوسرا کم عمرترین پروگیمر ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق امریکہ کا وکٹر ڈی لیون III جسے آن لائن پر لل پائزن کے نام سے جانا جاتاہے 2005 میں 7 سال کی عمر میں پہلی مرتبہ پروفیشنل ویڈیو گیمر کی حیثیت سے سائن کیاگیاتھا۔