پی ایس ایل میں پروفیشنل ازم کا مظاہرہ نہیں کیا گیا، عمران نذیر

March 06, 2021

سابق ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر کا پاکستان سُپر لیگ کے ملتوی ہونے کے معاملے پر کہنا ہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کنٹرول کرنے کے حوالے سے پاکستان کی تعریف ہوئی، پی ایس ایل میں ہم نے پروفیشنل ازم کا مظاہرہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بائیو سیکور ببل کے ایس او پیز پر عمل درآمد ہی نہیں کیا گیا، پی ایس ایل پاکستان کا برانڈ ہے موجودہ صورتحال سے اچھا پیغام نہیں گیا۔

پی ایس ایل ملتوی ہونے کے معاملہ پر سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرحمان، عمران فرحت اور عمران نذیر نے اظہارِ خیال کیا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے معاملات جن لوگوں کے ہاتھ میں ہیں وہ لیگ کا اچھا مستقبل نہیں چاہتے، بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزیوں پر دنیا میں اچھا تاثر نہیں گیا، پی ایس ایل بہت شاندار انداز سے بڑھ رہا تھا اس انداز سے ملتوی ہونا افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بائیو سیکیور ببل کے پروٹوکولز پر عمل درآمد کرانے والے کیوں ناکام رہے۔

عمران فرحت نے کہا کہ پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ اچھے انداز میں ہوئی انٹرنیشنل کرکٹ بھی کامیاب ہوئی، پی ایس ایل میں کوویڈ کے جو معاملات ہوئے وہ دنیا میں کہیں بھی ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے سرے سے معاملات کا جائزہ لے کر پی ایس ایل کے باقی میچز کرانے ہوں گے۔