گاڑیوں کی فروخت کیلئے ہول سیل اور ریٹیل میکنزم اختیار کرنیکا مطالبہ

March 08, 2021

اسلام آباد( کامرس رپور ٹر )گاڑیوں کی فروخت پر د ہرے ٹیکسوں کے خاتمے اور عالمی سطح پر رائج ہول سیل ریٹیل میکنزم سے پریمیم ختم کرنے میں مد د ملے گی ، انڈس موٹر کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر علی اصغر جمالی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ گاڑیوں کی فروخت کیلئے عالمی سطح پر رائج ہول سیل اور ریٹیل میکنزم اختیار کیا جائے تاکہ گاڑیوں کی فروخت پر پریمیم کی وصولی اور گاڑیوں کی ڈیلیوری میں تاخیر کے مسئلے کا دیرپا حل نکالا جاسکے،حکومت کی جانب سے ٹرانسفر ٹیکس کے نفاذ کے ذریعے گاڑیوں کی فروخت پر پریمیم (اون منی) کی وصولی کی روک تھام کی حکومتی کاوش کی تعریف کرتے ہوئے علی اصغر جمالی کا کہنا تھا کہ ٹرانسفر ٹیکس کیساتھ ہول سیل اور ریٹیل میکنزم موثر نتائج کا حامل بنے گا، گاڑیوں کی فروخت کا موجودہ طریقہ کار ڈیلرز کیلئے غیر موزوں ہوچکا ہے، اس طریقہ کار میں ڈیلرز کو 40لاکھ کی کار (1800سی سی کی ریٹیل پرائس) کی فروخت پر حکومت کو 2لاکھ94 ہزار 945 روپے کے حکومتی محصولات ادا کرنا پڑتے ہیں جبکہ ڈیلر کا اپنا کمیشن 56ہزار760روپے تک محدود ہے،علی اصغر جمالی نے کہا کہ گاڑیوں کی فروخت کے موجودہ نظام میں کار ڈیلرز کمیشن ایجنٹ بن کر رہ گئے ہیں، کسٹمرز کاروں کی خریداری کیلئے ڈیلر کو آرڈر دیتے ہیں اور مطلوبہ قیمت پیشگی ادا کرتے ہیں، گاڑیاں بک کرنیوالے ڈیلرز یہ رقم گاڑی بنانے والی متعلقہ کمپنی کو ارسال کردیتے ہیں، گاڑی بنانے والی کمپنی خریدار کے نام پر انوائس جاری کرکے گاڑی ڈیلر کے حوالے کرتی ہے جو ڈیلر خریدار کے سپرد کر دیتا ہے، خریدار اور ڈیلرز 39لاکھ 99ہزار روپے مالیت کی گاڑی پر ودہولڈنگ کی مد میں 75ہزار روپے ادا کررہے ہیں، گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں ڈیلرز کے 64ہزار روپے کمیشن میں سے 12فیصد ودہولڈنگ منہا کرکے 56 ہزار 760 روپے ادا کرتی ہیں اس پر ڈیلرز کو 1.5فیصد کم از کم ٹرن اوور ٹیکس بھی ادا کرنا پڑتا ہے جو کمیشن انکم پر ودہولڈنگ کا کم سے کم 8گنا ہوتا ہے۔