جاوید لطیف کا بیان قابل مذمت واپس لیں، حکومتی عہدیدار

March 14, 2021

لاہور (نیوز ایجنسیاں)حکومتی عہدیداروں نے مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے ۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے لیگی رہنما پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جاوید لطیف جیسے رہنمائوں کی پاکستان سے وفاداری ایک الیکشن کی ہے، انہیں نہ بات کرنے کی تہذیب ہے اور نہ ہی علم و عقل، ان جیسے سیاستدان ہار جائیں تو ملک کے خلاف سازشیں کریں گے۔معاون خصوصی شہباز گل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاوید لطیف کا بیان سن کر بہت افسوس ہوا، اس بیان کی مذمت کرتا ہوں، انہیں اپنا بیان واپس لینا چاہیے۔دعا ہے اللہ نواز شریف اور مریم نواز کو لمبی زندگی ہے، سیاست ہوتی رہتی ہے لیکن ایسا بیان نہیں دینا چاہیے۔گورنرسندھ عمران اسماعیل نے مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف کی طرف سے متنازعہ بیان دینے پر معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاوید لطیف نے پاکستان کے خلاف بات کی ہے۔ گورنرسندھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پراپنے ردعمل میں کہاہے کہ یہ لوگ اقتدار کے بھوکے ہیں اوراقتدار کے لئے یہ کسی حد تک جا سکتے ہیں،پاکستان کے لئے غلط بات برداشت نہیں کرسکتے ہیں،وطن ہے تو ہم بھی ہیں ۔ گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غداروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ وفاقی وزیر علی زیدی نےٹوئٹر پر اپنے رد عمل میں کہا کہ جاوید لطیف نے گستاخی کرتے ہوئے پاکستان توڑنے کی دھمکی دی ہے ، کوئی بھی شخص جو اپنے ملک پر اپنے لیڈر کو فوقیت دے وہ قابل مذمت ہے اور اس کیساتھ اسی طرح نمٹنا چاہئے ۔قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کو کوئی نقصان پہنچا تو ہم پاکستان کھپے کا نعرہ نہیں لگائیں گے۔