مریم نواز کی پیشی پر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہوگی، وزیراعظم

March 25, 2021


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی پیشی پر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ذرائع کے مطابق قرنطینہ میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا ہے جس میں شبلی فراز، فیصل جاوید، ذلفی بخاری، یوسف بیگ مرزا اور اعظم خان نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، کورونا کے پھیلاؤ اور ویکسنیشن کے عمل پر تبادلہ خیال ہوا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کو پنجاب میں بلدیاتی ادارے بحال کرنے کے سپریم کورٹ کے حکم سے بھی آگاہ کیا گیا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم کو ملک میں کورونا کی تیسری لہر سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی پیشی پر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر خطرناک ہے، جبکہ یہ بھی بتایا کہ ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہیلتھ کارڈ کے اجراء کے عمل کو تیز کیا جائے۔