کاروبار شروع کرنے سے پہلے کے اقدامات

March 30, 2021

کاروبار شروع کرنا آسان نہیںہوتا، اکثر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک ہی وقت میں کرنے کے لئےہزار چیزیں موجود ہیں۔ چھوٹے پیمانے پر کاروبار شروع کرنے والے بھی اس سے مبرا نہیں رہ سکتے، تاہم تھوڑی سی منصوبہ بندی اور بہترنظم و نسق سے اپنے کاروباری مقاصد اور توقعات کو پورا کرنےکیلئے اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

آپ کو اپنے تمام اقدامات پر بھروسہ کرنا ہوگا اور اپنی پوری سعی کرنی ہوگی۔ اپنی توانائیوں کو صحیح سمت میں لگانا ہوگا۔ ماہر ین کے مطابق کاروبار شروع کرنے سے پہلے آپ کو خاص طور پر اپنے کاروباری حریفوں پر تحقیق کرنی ہوگی۔

حریفوں سے متعلق تحقیق

آپ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ جس انڈسٹری کو سمجھتے ہوں، اسی کا حصہ بنیں تاکہ آپ اس صنعت میںپہلے سے موجود اپنے کاروباری حریفوں پر حاوی ہوسکیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کے نزدیک خود کا کاروباری آئیڈیا کتنا منفرد ہے، آپ کو اپنے حریفوں سے آگاہ ہونا چاہئے۔ آپ کے ذہن میں کسی خاص چیز کا کاروبار کرنے کا خیال آنے کا مطلب یہ ہرگز نہیںکہ دوسرے لوگوں کو وہی خیال کبھی نہیں آیا ہوگا۔ اگر آپ اپنے حریف سے بہتر یا کچھ کفایتی پیش نہیں کرسکتے تو آپ کو کاروبار شروع کرنے پر دوبارہ غور کرنا چاہیے۔

آپ کوئی بھی کاروبار کرنا چاہیں تو آپ کو میدان خالی نہیں ملے گا، ہر جگہ حریف پہلے سے موجود ہوں گے۔ اور اگر آپ ابتداء کرنے والوں میں سے ہیں تو حریف آتے جائیں گے، جن کے بارے میں چوکنا رہنا بہت ضروری ہے۔ کاروباری دنیا میں پیشہ ورانہ روّیہ اپناکر آپ اپنے حریفوں سے باخبررہتے ہیں، ساتھ ہی ان کے طرز عمل اور مستقبل کے لائحہ عمل سے بھی آشنا ہو سکتے ہیں۔

بعض اوقات آپ اپنے حریفوں سے سیکھتے ہیں جبکہ بعض حریف آپ کے اچھے دوست بھی بن جاتے ہیں۔ لہٰذا حریفوں سے خوف کھانے کے بجائے ان سے اچھے مراسم قائم کرنے کی کوشش کریں اور کاروبار کے حوالے سے اپنے حریفوں کے طریقہ کار سے استفاد ہ کریں۔

خطرات کا اندازہ

یقیناً، کوئی بھی نیا کاروباری منصوبہ شروع کرنے میں ہمیشہ خطرہ موجود رہتا ہے۔ کاروبار میںکوئی بھی کام کرنے سے پہلے اس کا حساب لگانا، سمجھنا اور خطرے کی منصوبہ بندی کرنا اہم ہوتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کاروباری منصوبے کے ساتھ آگے بڑھنے سے پہلے اپنی صنعت کے خطرات کا اندازہ لگائیں۔

قانونی پہلوؤں کا جائزہ

ایک غیرملکی کمپنی کے بزنس اٹارنی کا کہنا ہے،’’اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے آپ کو پہلے قدم کے طور پر قانونی ڈھانچہ بنانا ہوتاہے، جس میں ٹیکس، کاغذی کارروائی، مالک (مالکان) کی ذمہ داری ودیگر قانونی پہلوؤں کے ساتھ ساتھ یہ بھی درج کیا جاتا ہے کہ اس کمپنی میں ملازمین رکھے جاسکتے ہیں یا نہیں، اگر رکھے جائیں گے تو ان کی تعداد کیا ہوگی وغیرہ۔

مزید برآں، آپ کو اپنے کاروبار کے آغاز سے پہلے حکومت سے مناسب رجسٹریشن حاصل کرنی چاہئے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کو کاروباری شخصیات کو شامل کرنےکی دستاویزات تیار کرنے، آجر کی شناخت کا نمبر حاصل کرنے اور ضروری لائسنسوں کے لئے درخواست دینے کی ضرورت ہوگی ، جو کہ ہر ملک اور صنعت کے لحاظ سے مختلف ہوتے ہیں۔

بزنس پلان کی تیاری

جب آپ کاروبار کے آغاز کے حوالے سے کسی حتمی فیصلے پر پہنچ جائیں تو پھر بزنس پلان تیار کریں۔ آپ کا بزنس پلان آپ کے سرمائے کے مطابق ہونا چاہئے، اس سلسلے میںآپ کو نہ تو کسی ابہام کاشکار ہونا چاہیے اور نہ ہی یہ سوچ کر اپنے ہاتھ میں موجود رقم سے زائد کا پلان بنانا چاہیےکہ بعد میںکہیں سے باقی رقم کا بھی انتظام ہو جائے گا۔ آپ کا بزنس پلان یعنی آپ کا سرمایہ ہی آپ کی رہنمائی کرے گاکہ کاروبار کو کس سمت جانا ہے۔

تجربہ کار لوگوں سے استفادہ

آپ ایسے لوگوںکےساتھ وقت گزاریںجو آپ جیسے ذہن کے مالک ہیںیا وہ آپ جیسے ہی انٹر پرینیور ہوں۔ ایسے لوگوں کو تلاش کریں اور پھر گپ شپ کرتے ہوئے ان کے تجربات سے استفادہ حاصل کریں۔ جن لوگوں نے اپنی انٹرپرینیوریل صلاحیتوں سے دنیا کو متاثر کیا ہو، ان کے نیٹ ورک میںشمولیت اختیار کریں۔

اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرنے کیلئے عموماً سرپرستی (مینٹورشپ) کی ضرورت ہوتی ہے، جس کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ مشورہ سازی کا عمل مستقبل کیلئے بہت سود مند ثابت ہوتاہے اور لیڈر شپ صلاحیتیں پروان چڑھانے میں مدد کرتا ہے۔مینٹورشپ کے ذریعے نہ صرف آپ اپنے کام کے ماحول کو بہتر بناسکتے ہیں بلکہ اپنے ملازمین کا اعتماد بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

عمدہ ٹیم بنائیں

ایک عمدہ ٹیم بنائیں یعنی اگرآپ ایک اچھے اکائونٹنٹ نہیں ہیںتو ایک اکائونٹنٹ کی خدمات لیں اور اس سے تمام مالیاتی امور کروائیں۔ اگر آپ ایک اچھی پریزنٹیشن نہیںبناسکتے یا ای میل نہیںلکھ سکتے تو اس کے لیے باصلاحیت اسسٹنٹ/سیکریٹری کو کام پر رکھیں۔ جو مہارتیںآپ کے پاس نہیں ہیں،ان کی تکمیل کے لیے آپ کو لوگ بھرتی کرنے پڑیںگے۔

سوشل میڈیا کا استعمال

سوشل میڈیا کا استعمال کرکے آپ کسٹمرز تلاش کرسکتےہیں، جوکہ ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام پر مل جائیں گے۔ مختلف پلیٹ فارمز پر چھان بین کرنے اور اچھا مواد اَپ لوڈ کرنے سے آپ کو اپنے بزنس کے لیے کسٹمرز ملیں گے۔ سوشل میڈیا ایک زبردست پلیٹ فارم ہے، جہاں آپ اپنے کسٹمرز سے رابطہ کرسکتے ہیںاور ان سے کاروباری تعلق کو مضبوط بناسکتے ہیں۔