تجاویز کا مسترد ہونا یا تبدیلی معمول کا حصہ ہے، حماد اظہر

April 02, 2021

وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے کہا ہے کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ہر ہفتے کابینہ کو درجنوں تجاویز بھیجتی ہے، وزیراعظم کی جانب سے بعض کی تائید، بعض کو مسترد کرنا یا اس میں تبدیلی معمول کا حصہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ای سی سی کی سفارشات سے متعلق قیاس آرائیوں پر حماد اظہر نے ایک بیان میں کہا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ہر ہفتہ کابینہ کو درجنوں تجاویز بھیجتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم معمول کے مطابق بعض کی تائید کرتے ہیں، بعض کو مسترد کرتے ہیں اور بعض میں تبدیلی کرتے رہتے ہیں۔

حماد اظہر نے کہا کہ جمہوریت میں یہی اقتصادی اور سیاسی طریقہ کار مروجہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے بھارت سے چینی، کپاس اور دھاگہ منگوانے کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تجویز مسترد کر دی۔

وزیراعظم عمران خان نے کابینہ ارکان سے بھارت کے ساتھ تجارت پر رائے لی جس پر چار وزراء شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شیخ رشید اور شیریں مزاری نے اس کی بھرپور مخالفت کی۔

کابینہ ارکان نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی سابقہ حیثیت بحال ہونے تک ہندوستان کے تجارت نہیں ہوسکتی ۔