برطانیہ نے پاکستان کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کر لیا

April 02, 2021

برطانیہ نے کورونا وائرس کے باعث پاکستان کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کر لیا ہے۔

برطانیہ اور پاکستان کے درمیان سفر سے متعلق برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ برطانیہ نے پاکستان کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کر دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ریڈ لسٹ کا مطلب ہے کہ صرف برطانیہ، آئرش یا برطانوی ریزیڈنسی رکھنے والوں کو برطانیہ آنےکی اجازت ہوگی۔

برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے یہ بھی بتایا کہ ریڈ لسٹ کےتحت سفری پابندیوں کا اطلاق 9 اپریل صبح 4 بجے سے ہو گا۔

واضح رہے کہ برطانیہ کی جانب سے پاکستان سمیت 4 ملکوں کو ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، ان ممالک میں پاکستان، فلپائن، کینیا اور بنگلا دیش شامل ہیں۔

آئندہ جمعے (9 اپریل کو) صبح 4 بجے کے بعد ان ممالک سے آنے والوں کو 10 دن ہوٹل میں قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

اس اقدام سے پاکستان جانے والے ہزاروں افراد کو واپسی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔