کینسر میں مبتلا نائلہ جعفری نے علاج کیلئے مالی مدد مانگ لی

April 03, 2021

معدے کے کینسر میں مبتلا پاکستانی اداکارہ نائلہ جعفری نے اپنے علاج کیلئے مالی معاونت کی درخواست کی ہے۔

سوشل میڈیا پر نائلہ جعفری کا ایک ویڈیو پیغام زیرِ گردش ہے جس میں وہ اسپتال کے بیڈ میں لیٹی ہوئی کہتی ہیں کہ پچھلے 6 سال سے کینسر سے نبرد آزما ہوں اور اب تک دوسری کیموتھراپی نہیں کی جاسکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طویل عرصے میں بیماری سے لڑتے ہوئے میں یہی سوچتی رہی ہوں کہ کیا ہی بہتر ہو کہ آپ کی حکومت بھی فنونِ لطیفہ کی خدمت کرنے والے فنکاروں سے متعلق سوچے۔


اداکارہ نے بتایا کہ جب انہوں نے پی ٹی وی پر ڈراموں کا آغاز کیا تھا اس وقت نشرِ مکرر کیے جانے والے ڈراموں پر قلیل رقم ملتی تھی ، لیکن اس رقم کو حاصل کر کے اچھا لگتا تھا اور خوشی ملتی تھی۔

نائلہ جعفری نے کہا کہ اتنے برسوں سے میں یہاں بیمار پڑی ہوئی ہوں، سب نے کافی مدد کی ، جب میں اکیلی تھی تو مجھے سنبھالا۔

انہوں نے تجویز دی کہ اگر دوبارہ سے ان کے ڈراموں کو نشر کیے جانے پر کچھ مالی امداد کردی جائے تو ان کے علاج میں آسانی ہوجائے گی۔

2 منٹ اور 11 سیکنڈ کے ویڈیو پیغام میں اداکارہ نے کہا کہ حکومت کو اس سلسلے میں کوئی کام جلد از جلد کرنا چاہئے جو مستقبل میں سینئر فنکاروں کیلئے مددگار ثابت ہو۔

واضح رہے کہ اداکارہ تھیٹر ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، انہوں نے ٹیلی ویژن کے بھی متعدد ڈراموں میں جاندار اداکاری سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

نائلہ جعفری نے ماں مجھے سلانا، دیسی گرلز ، تھوڑی سی خوشیاں جیسے قابلِ ذکر ڈراموں میں کام کیا۔