روس کے ساتھ تجارت، توانائی، سیکیورٹی اور دفاع میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان

April 07, 2021


وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ روس سے تعلقات پاکستانی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، روس کےساتھ تجارت، توانائی، سیکیورٹی اوردفاع میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سے روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے ملاقات کی، جس میں پاک روس دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمران خان نے شمال جنوبی گیس پائپ لائن منصوبے کے حل کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چاہتے ہیں یہ مسئلہ جلد حل ہو اور اس پر کام شروع ہو۔

وزیراعظم عمران خان نے اسپوٹنک ویکسین بنانے پر روس کو مبارکباد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان امن عمل میں روس کی کاوشوں کو سراہتا ہے۔

وزیراعظم نے روسی وزیرخارجہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن چاہتا ہے، خطے میں امن کے لیے کشمیر تنازع کا پُرامن حل ضروری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔