ذوالفقار علی بھٹو نے معاہدہ نہیں کیا اور بہادری سے اپنی بات پر قائم رہے، سہیل وڑائچ، لندن میں آن لائن برسی

April 08, 2021

لندن ( پ ر) قائد عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی 42ویں برسی پیپلزپارٹی یورپ کے تحت آن لائن عقیدت و احترام سے منائی گئی، جس میں صنم بھٹو نے خصوصی شرکت کی اور پروگرام کی میزبانی کے فرائض ابرار میر قائم مقام صدر پیپلزپارٹی یورپ نے انجام دیئے جبکہ چوھدری تنویر صدر پیپلزپارٹی البرٹا کینیڈا نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، بیگم نصرت بھٹو، شہید بینظیر بھٹو، شہید مرتضٰی بھٹو، شہید شاہنواز بھٹو اور پارٹی کے شہید کارکنان کےلئیے دعائے مغفرت کی۔سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے کہا کہ جب تک شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک چاہے سو سال لگ جائیں پاکستان نہیں چل سکتا۔ ایک دفعہ انصاف کرنا ہوگا ورنہ سیاست نہیں چل سکے گی، نہ عدالت چل سکے گی اور نہ ہی حکومت چل سکے گی۔ بھٹو نے ضیا سے معاہدہ نہیں کیا اور جیل میں بہادری دکھائی اور اپنی بات پر قائم رہ کر اپنا رومانس پیدا کیا۔ صدر پیپلزپارٹی یورپ ڈاکٹر ارشاد کمبوہ نے کہا کہ ہم بھٹو کے نام کو زندہ رکھیں گے جب تک ہماری جان میں جان ہے۔ ہم محترمہ شہید بینظیر بھٹو اور بھٹو خاندان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔محترمہ صنم بھٹو کے آنسووں بھرے خراج عقیدت کیوجہ سے تقریب کا ماحول اداس ہوگیا۔ صنم بھٹو نے اپنے عظیم باپ شہید بھٹو کے بارے میں بتایا کہ وہ صرف اور صرف غریب کی بات کرتے تھے۔ صنم بھٹو نے نہائت ہی جذباتی انداز میں کہا کہ میرا باپ اور میری بہن وزیراعظم رہ چکے اور دن رات بہت کام کیا ۔صنم بھٹو نے کہا کہ وہ آخری دن نہیں بھولوں گی کہ جب میری بے قصور ماں کو اٹھا کر لے گئے تھے۔ صنم بھٹو نے کہا کہ میرے والد کا عوام سے کوئی ایسا رشتہ تھا کہ جو بناوٹی نہیں بلکہ حقیقی تھا کہ وہ اسوقت کے ہیرو تھے اور ان میں کوئی گھمنڈ نہیں تھا اور غریبوں کے ساتھ مدد کےلئیے تیار رہتے تھے اور طلبا کے ساتھ دوستی رکھتے تھے۔تقریب سے پیپلزپارٹی یورپ کے نائب صدور ڈاکٹر طارق سلہریا اور چوھدری رحمت اللہ ، خورشید بخاری، میاں منیر ہانس ، سید زاہد عباس ، چوھدری عبدالرزاق ڈھل، خرم کیانی صدر ، میاں سلیم ، چوھدری مجید ، چوھدری تنویر، شمیم بھٹو، سیمی اسد ، سمیعہ علی ، فریدہ خان، خواجہ معین سید ، ڈاکٹر سلمیٰ شاہین ، حسنین شاہ ، شیراز بٹ، علی جمیل حیدر اور علی تیمور چنا نے پاکستان سے اپنا خراج عقیدت پیش کیا اور بھٹو ازم پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ بھٹو اور بی بی شہید کے مشن کو پورا کرنے کیلئے ہم نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو کا تن من دھن سے ساتھ دینگے اور ہم بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنا کر دم لینگے۔