نئے ڈائریکٹر سندھ نے افسران کے تبادلوں کا عمل شروع کردیا

April 08, 2021

کراچی (اسد ابن حسن) نئے تعینات شدہ ایف آئی اے ڈائریکٹر سندھ زون I نے افسران کے تبادلوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ دو یوم قبل کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالرؤف شیخ سے قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر کا چارج واپس لے لیا گیا ہے اور اسلام آباد ہیڈکوارٹر میں تعیناتی کے منتظر ایس ایس پی ڈاکٹر فاروق کو ٹرپل سی میں بطور سرکل سربراہ تعینات کردیا گیا ہے۔ ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق 6افسران کے تبادلے کردیئے گئے ہیں۔ اینٹی کرائم سرکل میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر راشد خانزادہ کا تبادلہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ امیگریشن کردیا گیا جبکہ اے سی سی میں ہی تعینات ڈاکٹر مصطفیٰ حسین کلہوڑو، سب انسپکٹر روزینہ رزاق، سب انسپکٹر ثمینہ صدیقی کے تبادلے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل میں کردیئے گئے ہیں جبکہ مذکورہ سرکلز میں تعینات سب انسپکٹر ذیشان شبیر اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد الیاس کے تبادلے اینٹی کرپشن سرکل میں کردیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کافی عرصے سے تعینات قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر کا چارج رکھنے والے کمرشل بینک سرکل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد خواجہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک سرکل سراج پنہور کے بھی جلد تبادلے متوقع ہیں۔