میپکو ٹیم پر تشدد،میٹر ریڈر بےہوش، مسلح افراد نے اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا

April 12, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) سیٹلائٹ ٹائون سب ڈویژن چشتیاں کے علاقہ میں میپکو ٹیم پر حملہ، کلمپ میٹر اور نقدی چھین کر ٹیم کو محبوس بنا لیا تشدد سے میٹر ریڈر بیہوش ہوگیا ، ایکسین چشتیاں ڈویژن طارق عزیز میمن میٹرریڈر کی عیادت کے لئے ہسپتال پہنچ گئے ۔ تھانہ شہر فرید چشتیاں میں مقدمہ درج کروادیاگیا۔ ایکسین چشتیاں ڈویژن طارق عزیز میمن نے بتایاکہ میٹرریڈرز محمد یونس ، اللہ رکھا ،محسن علی اور محمد رمضان نے بستی فریدکوٹ کھرلاں والی میں اکائونٹ ذاکر حسین چیک کیا تو صارف اظہر حسین ڈائریکٹ تاریں لگاکر بجلی چوری کر رہا تھا بجلی چوری کی ویڈیو بنانے پر ذاکر حسین، ماسٹرفیاض، ریاض احمد اور مقصود احمد اسلحہ اور ڈنڈوں ، سے دیگر افراد کے ہمراہ میپکو ٹیم پر حملہ آور ہوگئے ۔تشدد سے میٹرریڈر محمد یونس بے ہوش ہوگیا اس کے بعد بجلی چور نے ٹیم کے دیگر ارکان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں ۔کلمپ میٹر اور ہزاروں روپے کی نقدی بھی چھین لی۔ اطلاع ملنے پرمیپکو کی دوسری ٹیم موقع پر پہنچی اور ملازمین کومنت سماجت کرکے چھڑوایا۔بے ہوش میٹرریڈر کو سول ہسپتال چشتیاں داخل کروایا۔ایس ڈی او میپکو سیٹلائٹ ٹائون سب ڈویژن چشتیاں کی درخواست پر بجلی چور اور حملہ آوروں کے خلاف نقدی چھیننے، کارسرکار میں مداخلت، جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے اور بجلی چوری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کروا دیاگیاہے۔