سخت SOPs کیساتھ وسیع لاک ڈاؤن لگایا جائیگا، این سی او سی

April 14, 2021


نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں آج سے کورونا ایس او پیز پر سخت عمل درآمد کرانے کا فیصلہ کیا ہے، سخت ایس او پیز کے ساتھ وسیع لاک ڈاؤن بھی لگایا جائے گا۔

این سی او سی اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں مارکیٹیں سحری سے شام 6 بجے تک کھلی رہیں گی جبکہ ہفتہ، اتوار کو کاروبار بند رہے گا۔

اس کے علاوہ افطار سے رات 12بجے تک ہوٹلوں کے باہر کھانے کی اجازت ہوگی ، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو روز بند رہے گی۔

ملک بھر میں سنیما گھر اور مزار مکمل طور پر بند رہیں گے اور ہر طرح کی تقریبات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

این سی او سی کے مطابق اندرون شہر ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلےگی جبکہ ریلوے کو 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلایا جائے گا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 681 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 135 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 3 ہزار 645 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 10 فیصد ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 754 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 34 ہزار 423 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 135 افراد کورونا سے انتقال کر گئے ، اموات کی یہ تعداد جون 2020 کے بعد ایک روز میں سب سے زیادہ ہے جبکہ کورونا کے مزید 48 ہزار 92 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 8 لاکھ 78 ہزار 86 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 76 ہزار 757 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 216 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 6 لاکھ 41 ہزار 912 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ رمضان کی آمد اور ماہ مقدس کی خوشیوں میں لوگ کورونا کو بھول گئے، ملک کے مختلف شہروں میں پہلی سحری پر کورونا پابندیوں کی کھلے عام خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئیں۔

کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاہور، سرگودھا، کوئٹہ اور پشاور سمیت کئی شہروں میں بعض ہوٹل کھلے رہے جہاں انڈا پراٹھا، چنے ،حلوہ پوری اور کھانے پینے کی دیگر چیزیں بکتی رہیں۔ اس کے علاوہ کھجلہ پھینی اور دودھ دہی کی دکانوں پر بھی رش رہا۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز پر اب ڈنڈے سے عمل کرایا جائے گا۔