شدت پسند گروہ انتہا پسندی کو ہوا دینا چاہتے ہیں، فواد چوہدری

April 15, 2021

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شدت پسند گروہ اسلام کی شناخت بدلنا، تشدد اور انتہا پسندی کو ہوا دینا چاہتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ برصغیر میں اسلام بزرگان دین کی محبت، انسانیت کے درس کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہوا۔

انہوں نے کہا کہ لبیک جیسے شدت پسند گروہ اسلام کی شناخت بدلنا اور انتہا پسندی کو ہوا دینا چاہتے ہیں اور ایسی کوششوں کو ناکام بنانا ہر مسلمان کا فرض ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ پنجاب حکومت کی سفارش پر انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور سمری کابینہ کو بھجوا ئی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کی کارروائیوں سے عالمی سطح پر ملک کا تشخص مجروح ہوا ، ہم قرار داد اسمبلی میں اتفاق رائے سے پیش کرنا چاہتے تھے، ہماری بڑی کوششیں تھیں لیکن وہ ہر صورت فیض آباد اور اسلام آباد آنا چاہتے تھے اور اس کیلئے انہوں نے بہت لمبی تیاری کر رکھی تھی، یہ ایسامسودہ چاہتے تھے کہ یورپ کے سارے لوگ ہی پاکستان سے واپس چلے جائیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے، بند راستے بحال کر دیئے، مغوی پولیس اہلکار بازیاب کرا لئے، میں خود ناموس رسالت اور ختم نبوت ﷺکا سپاہی ہوں ، ہمارے دور میں ناموس رسالت ﷺکے خلاف کوئی بات نہیں ہو سکتی۔

جہاں تک ختمِ نبوت اور ناموسِ رسالت کا تعلق ہے تو میری جان بھی حاضر ہے، سوشل میڈیا پر سڑکیں بلاک کرنے اور بے امنی کے پیغامات دینے والوں کا قانون پیچھا کررہا ہے، ٹی ایل پی کا سوشل میڈیا چلانے والے لوگ سرینڈر کر دیں۔