پاکستان ٹیم بابر اعظم کی خوشیوں میں شریک

April 16, 2021

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بیٹسمین بابر اعظم کی خوشیوں میں ٹیم کے کھلاڑی شریک ہوئے اور اعزاز حاصل کرنے پر بابر اعظم کو مبارک باد دی۔

پی سی بی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بابر اعظم نے کھلاڑیوں اور اسٹاف کے ہمراہ کیک کاٹا۔ اس دوران تمام کھلاڑی کپتان کے لئے تالیاں بجا کر انہیں مبارک باد دیتے رہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ ﷲ تعالیٰ کا شکر ہے کہ میں نمبر ون بیٹسمین بنا،ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ خوشی منانا اچھا لگتا ہے۔سب سے اچھی بات یہ ہے سب لوگ خوش ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے اس موقع پر بابر اعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ آپ اسی طرح پاکستان کے لئے اچھا اچھا پرفارم کرتے رہیں۔