سارہ خان اسپتال سے ڈسچارج ہوگئیں

April 16, 2021

حال ہی میں طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہونے والی پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ سارہ خان اب گھر آگئی ہیں۔

ٹائیفائیڈ کا شکار ہونے والی اداکارہ سارہ خان کے فین پیجز کی جانب سے اداکارہ کی جلد صحتیابی کے لیے مختلف دُعائیہ پوسٹس کی گئیں۔

انہی پوسٹس میں سے ایک پر کمنٹ کرتے ہوئے سارہ خان نے اپنے فکرمند مداحوں کو تسلی دی۔

سارہ خان نے پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اسپتال سے ڈسچارج ہوکر گھر آٓگئی ہوں۔‘

اداکارہ نے اپنی طبیعت کے حوالے سے لکھا کہ ’میں اب بالکل ٹھیک ہوں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز سارہ خان کے شوہر فلک شبیر نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک خصوصی اسٹوری شیئر کی تھی جس میں اُن کی اہلیہ و اداکارہ سارہ خان اسپتال میں موجود تھیں۔

فلک شبیر نے تصویر کے کیپشن میں بتایا تھا کہ ’سارہ خان کی طبعیت ٹھیک نہیں ہے تاہم اُنہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ اداکارہ کو کیا ہوا ہے۔‘

دوسری جانب ایک نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے سارہ خان کے مینجر نے بتایا تھا کہ اداکارہ ٹائیفائیڈ میں مبتلا ہوگئی ہیں۔

مینجر نے بتایا تھا کہ ٹائیفائیڈ کی وجہ سے سارہ خان کو تیز بخار اور اُلٹی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اسی وجہ سے اُنہیں اسپتال میں داخل کیا گیا۔

خیال رہے کہ سارہ خان اور فلک شبیر گزشتہ کچھ دنوں پاکستان کے دوست ملک تُرکی میں چھٹیاں گُزارنے کے لیے گئے ہوئے تھے۔