پنجاب میں مزید 62 کورونا مریض فوت

April 16, 2021

پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 62 مریض، جبکہ لاہور میں 26 مریض انتقال کر گئے۔

محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 74 فیصد رہی۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 257 کورونا وائرس کے ٹیسٹ ہوئے، جن میں سے 2 ہزار 732 مثبت آئے۔

لاہور میں 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کورونا کیسز کی شرح 11 اعشاریہ 37 فیصد رہی، جہاں اس دوران 12 ہزار 321 کورونا وائرس کے ٹیسٹ ہوئے، جن میں سے 1 ہزار 402 مثبت آئے۔

24 گھنٹوں کےدوران پنجاب بھر کے آئی سی یوز میں کورونا وائرس کے 74 نئے مریض داخل ہوئے ہیں جبکہ اس دوران لاہور کے آئی سی یوز میں کورونا کے 41 نئے مریض داخل کیئے گئے۔

واضح رہے کہ تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں اب تک 2 لاکھ 61 ہزار 173 مریض سامنے آئے ہیں، یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 7 ہزار 271 ہو چکی ہیں۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 364 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 110 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 4 ہزار 123 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 8 اعشاریہ 31 فیصد ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 982 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 45 ہزار 182 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 64 ہزار 481 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 10 لاکھ 7 ہزار 252 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 78 ہزار 425 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 302 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 6 لاکھ 50 ہزار 775 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔