حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے،ثروت اعجاز قادری

April 17, 2021

کراچی ( اسٹاف ر پو ر ٹر ) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ آقا کریم ﷺ کا نظام ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی اور دنیا کیلئے مشعل راہ ہے،پاکستان کا استحصال کرنیوالوں نے ملک کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کیلئے لسانیت اور انتہاپسندی کو فروغ دیا،دین اسلام مساوات کاحکم اور سب کو برابر کے حقوق فراہم کرنے کا درس دیتا ہے،حکومت آئی ایم ایف کی عوام دشمن پالیسیوں کو مسترد کردے،آئی ایم ایف استحصالی ادارہ ہے جو اسلامی ممالک کو کمزور کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے،رمضان مبارک کا پہلا عشرہ رحمت کا ہے حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے۔چینی کا ایک دفعہ پھر بحران سوچی سمجھی سازش ہے،حکومت چینی 80روپے کلو کا اعلان کررہی ہے اور بازاروں میں ایک سو بیس روپے سے ڈیڑھ سو روپے تک فروخت ہورہی ہے۔حکومت کے رمضان میں مہنگائی کو کم کرنے کے دعوئے دھرے رہ گئے۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور پرائس لسٹ سے زیادہ پیسے وصول کرنیوالوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔