پونم ڈھلوں اداکارہ کی بجائے ڈاکٹر بننا چاہتی تھیں

April 21, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکارہ پونم ڈھلوں نے اپنی دلکش اداؤں سے تقریباً تین دہائیوں تک شائقین کو محظوظ کیا لیکن کم ہی لوگوں کو معلوم ہوگا وہ اداکارہ نہیں بلکہ ڈاکٹر بننا چاہتی تھیں۔پونم ڈھلوں کی پیدائش 18 اپریل 1962 کو کانپور میں ہوئی۔ ان کے والد ہندستانی فضائیہ میں انجینئر تھے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم چنڈی گڑھ کارمیل کانوینٹ ہائی اسکول سے پوری کی۔ سال 1977میں پونم ڈھلوں کو آل انڈیا بیوٹی کانٹیسٹ میں حصہ لینے کا موقع ملا جس میں وہ پہلے مقام پر رہیں۔اس درمیان پونم ڈھلوں کی خوبصورتی سے متاثر ہوکر ڈائریکٹر پروڈیوسر ، یش چوپڑا نے اپنی فلم ترشول میں ان سے کام کرنے کی پیشکش کی ۔فلم ترشول میں پونم ڈھلوں کو سنجیو کمار ، ششی کپور اور امیتابھ بچن جیسے نامور ستاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں انہوں نے سنجیو کمار کی بیٹی کا کردا ر ادا کیا جو اداکار سچن سے محبت کرتی ہیں۔ فلم میں ان پر فلمایا گیا نغمہ ‘گاپوجی گاپوجی گم گم ’ ان دنوں نوجوانوں کے درمیان کریز بن گیا تھا۔ فلم ترشول باکس آفس پر ہٹ رہی۔بعدازا ں کئی ڈائریکٹرز نے اپنی فلم میں کام کرنے کے لئے پونم ڈھلوں کو پیش کش کی۔ لیکن انہوں نے تمام پیشکش کو ٹھکرادیا کیونکہ وہ اداکارہ نہیں ڈاکٹر بننا چاہتی تھیں۔ اس درمیان انہوں نے میڈیکل کالج میں داخلہ لینا چاہا لیکن ان کے بڑے بھائی نے ان کی حوصلہ شکنی کی ۔ اس کے بعد ان کی خواہش ‘انڈین فارن سروسیز’ میں کام کرنے کی ہوئی اور وہ امتحان کی تیاری میں مصروف ہوگئیں۔سال 1979 میں یش چوپڑا کے ہی بینر میں بن رہی فلم ‘نوری’ میں ان کو کام کرنے کا موقع ملا۔ فلم نوری کی کامیابی کے بعد پونم ڈھلوں نے یہ طے کرلیا کہ وہ فلم انڈسٹری میں اداکارہ کے طور پر اپنی شناخت بنائیں گی۔ پونم ڈھلوں نے سال 1988 میں فلم ڈائریکٹر اشوک ٹھکاریا کے ساتھ شادی کرلی۔ سال 1992 میں فلم ورودھی کے بعد انہوں نے تقریباً پانچ سال تک فلم انڈسٹری سے کنارہ کرلیا۔سال 1997 میں فلم جدائی میں انہوں نے اپنے کیریئر کی دوسری اننگ شروع کی۔ پونم ڈھلوں نے مداحوں کی پسند کا خیال رکھتے ہوئے چھوٹے پردے کا بھی رخ کیا اور انداز اور کٹی پارٹی جیسے سیریلوں میں کام کرکے انہوں نے اپنے مداحوں کا دل جیت لیا۔ یہی نہیں ان نے بگ باس کے تیسرے سیزن میں بھی حصہ لیا۔ جس میں وہ تیسرے مقام پر منتخب ہوئیں۔