وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر جھوٹے فالوورز بنا رکھے ہیں اور سوشل میڈیا پر مقبولیت کا ڈرامہ رچا کر جھوٹا پراپیگنڈا کیا جاتا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کی مقبولیت کا پردہ چاک ہوچکا ہے اور پی ٹی آئی سیاسی میدان میں اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر مصنوعی ریچ دکھائی جاتی ہے جبکہ پی ٹی آئی کی سیاست منفی بیانیے اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ حقیقت کیا ہے اور پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر کوئی حقیقی فالوورز موجود نہیں ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارتی پراپیگنڈا اکاؤنٹس پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پیروی کرتے ہیں۔
وزیر مملکت قانون کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حقیقتیں عوام کے سامنے آشکار ہو چکی ہیں اور سوشل میڈیا پر مقبولیت کے دعوے محض فریب ہیں۔