• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2025 میں اشیائے خورونوش اور یوٹیلیٹی چارجز کی قیمتوں میں نمایاں رد و بدل

 ایک سال کے دوران ملک میں مختلف اشیائے خورونوش اور یوٹیلیٹی چارجز کی قیمتوں میں نمایاں رد و بدل دیکھنے میں آیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں چینی کی قیمت میں 16.32 فیصد اضافہ ہوا، ایک سال قبل چینی کی اوسط قیمت 137 روپے 33 پیسے فی کلو تھی جو بڑھ کر اس وقت 159 روپے 74 پیسے فی کلو ہو گئی ہے، جبکہ سال 2025 میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 229 روپے فی کلو تک جا پہنچی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ایک سال میں آٹا 22.56 فیصد مہنگا ہوا، ایک سال قبل آٹے کے 20 کلو تھیلے کی اوسط قیمت 1794 روپے 93 پیسے تھی جو اس وقت بڑھ کر 2199 روپے 85 پیسے ہو گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال قبل زندہ برائلر چکن کی اوسط قیمت 409 روپے 22 پیسے فی کلو تھی، جو اس وقت بڑھ کر 424 روپے 89 پیسے فی کلو ہو گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال میں بیف 13.01 فیصد، گڑ 12.46 فیصد اور کیلے 11.24 فیصد مہنگے ہوئے، اسی طرح پسی ہوئی مرچ 10.31 فیصد اور انڈے 9.71 فیصد مہنگے ہوئے، جبکہ دودھ پاؤڈر کی قیمت میں 9.51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں گیس چارجز میں 29.85 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ جلانے والی لکڑی کی قیمت میں 11.02 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

 رپورٹ کے مطابق ایک سال میں مٹن، تازہ دودھ، دہی اور گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

دوسری جانب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران ٹماٹر 74.92 فیصد اور آلو 49.79 فیصد سستے ہوئے، لہسن کی قیمت میں 38.17 فیصد اور دال چنا کی قیمت میں 29.66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق پیاز 29.23 فیصد اور چائے کی پتی 17.79 فیصد سستی ہوئی، جبکہ دال ماش 13.14 فیصد اور دال مسور 6.62 فیصد سستی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک سال میں بجلی کے چارجز میں 6.87 فیصد کمی ہوئی، جبکہ ایل پی جی کی قیمت میں 1.11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

تجارتی خبریں سے مزید