پہلا ٹی 20، پوری بیٹنگ لائن ناکام، رضوان نے لاج رکھ لی، پاکستان کامیاب

April 22, 2021

پہلا ٹی 20، پوری بیٹنگ لائن ناکام، رضوان نے لاج رکھ لی، پاکستان کامیاب

ہرارے (جنگ نیوز) محمد رضوان نے مشکل ترین صورتحال میں61گیندوں پر82ناقابل شکست رنز بناکر پاکستان کی لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کی لاج رکھ لی۔ پاکستانی ٹیم نے زمبابوے کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل گیارہ رنز سے جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ بابر اعظم کے جلد آئوٹ ہونے کے بعد محمد رضوان نے ذمے داری سے ٹیم کو بحران سے نکالا۔ انہیں مین آف دی میچ ایوارڈ ملا۔ بدھ کو ہرارے اسپورٹس کلب میں پاکستان نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹ پر149رنز بنائے۔ محمد رضوان نے آخری اوور میں20 رنز بنائے۔ زمبابوے کو بھی آخری اوور میں جیت کے لئے20 رنز درکار تھے۔ لیکن ان کی بولنگ پر زمبابوے کے بیٹسمین ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ لیگ اسپنر عثمان قادر نے29رنز دے کر تین ، محمد حسنین نے27 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاکستانی فیلڈروں نے بھی دو کیچ ڈراپ کئے۔ زمبابوے نے سات وکٹ کے نقصان پر138رنز بنائے۔ قبل ازیں کپتان بابراعظم صرف دو رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ فخر زمان 13 جبکہ محمد حفیظ پانچ رنز بناکرمیڈھویرے کی وکٹ بن گئے۔ دانش عزیز ایک چھکے کی مدد سے 15 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ حیدر علی پانچ رنز ، آل راؤنڈرز فہیم اشرف اور محمد نواز بالترتیب ایک اور نو رنزبناسکے۔ تاہم محمد رضوان نے پانچویں نصف سنچری مکمل کی۔ 18 اوورز میں پاکستان کا اسکور 124 رنز تھا۔ آخری دو اوورز میں رضوان نے جارحانہ بیٹنگ کر کے پاکستان کو قدرے معقول اسکور تک رسائی دلائی ۔ ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے زمبابوے کو 21 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ یہاں محمد حسنین نے پاکستان کو یکے بعد دیگرے دو کامیابی دلا کر میڈھویرے اور تدیوناشے مرومانی کو چلتا کردیا۔ دو وکٹیں گرنے کے بعد تناشے کمن ہکموے اور کریگ ارون نے 56 رنز کی ساجھے داری قائم کی۔ یہ شراکت ایک عرصے بعد بولنگ کرنے والے محمد حفیظ نے رضوان کی مدد سے 29رنز بنانے والے کمن ہکموے کو قابو کرکے توڑی۔ صرف دو گیندوں بعد ارون بھی عثمان قادر کی گیند پر نواز کو کیچ دے بیٹھے۔ عثمان قادر نے حریف کپتان شان ولیمز اور ریگس چکابوا کی اہم وکٹیں حاصل کر کے زمبابوے کے لیے ہدف کا حصول مشکل بنا دیا۔ ریان بُرل اور لیوک جونگوے نے کچھ ہاتھ دکھا کر اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن حارث نے بُرل کی اننگز کا خاتمہ کر کے پاکستان کو ساتویں کامیابی دلا دی۔