آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کے معاملے میں مسلم لیگ (ن) کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی پر ن لیگ کی مشاورت مکمل ہوگئی، نئے وزیراعظم کےلیے پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے سے انکار کردیا گیا۔
تحریک عدم اعتماد کا معاملہ الگ ہے اور قائد ایوان کا انتخاب الگ معاملہ ہے، حکومت کی تبدیلی کےلیے پیپلز پارٹی کا ن لیگ ساتھ دے گی۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کےلیے ن لیگ نے پی پی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی سے آزاد کشمیر میں جلد الیکشن سے متعلق مشاورت ہوگی، سیاسی رابطہ کمیٹی نے آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کو پیپلز پارٹی سے طے فارمولے پراعتماد میں لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ کا سیاسی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا اور طے پایا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں نئی حکومت کا حصہ نہیں بنے گی۔
سیاسی رابطہ کمیٹی آزاد کشمیر کی قیادت سے سیاسی حکمت عملی سے متعلق تجاویز مانگ لیں، کمیٹی وزیراعظم شہباز شریف کو وطن واپسی پر بریفنگ دے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں احسن اقبال، رانا ثناءاللّٰہ، وزیر امورِ کشمیر انجینئر امیر مقام، ن لیگ آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، راجا فاروق حیدر، پارلیمانی ارکان اور مرکزی عہدیداران میں سیکریٹری جنرل طارق فاروق، سینئر نائب صدر مشتاق منہاس نے شرکت کی۔