وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں سندھ جاب پورٹل کا افتتاح کر دیا۔
اس حوالے سے منقعدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ گریڈ 1 سے 5 کی ملازمتوں کا سلسلہ آ ئندہ 15 روز سے شروع ہو جائے گا۔
وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ جاب پورٹل کا افتتاح عوامی خدمت کی فراہمی میں ایک سنگِ میل ہے، یہ منصوبہ ڈیجیٹل تبدیلی، شفافیت اور عوامی با اختیار کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمۂ سائنس اینڈ آئی ٹی حکومت کا عملی و اسٹریٹیجک بازو ہے، سندھ جاب پورٹل مؤثر، جامع اور شہری مرکوز آئی ٹی سسٹمز کی بہترین مثال ہے، حکمرانی کو جدید خطوط پر استوار کر رہے اور عوامی خدمات تک رسائی کو آسان بنا رہے ہیں۔
وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہناہے کہ شہری و دیہی علاقوں میں عوامی سہولت کے پلیٹ فارمز متعارف کرا رہے ہیں، یہ محض آغاز ہے، سائنس اینڈ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ ڈیجیٹل خدمات کے دائرے کو وسعت دے رہا ہے، ہم ایسے نتائج دے رہے ہیں جو عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم ایسا سندھ بنا رہے ہیں جہاں ٹیکنالوجی عوام کا حق ہو، ہمارا مقصد قابلِ رسائی اور با اختیار نظام بنانا ہے، آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے ایک بہترین پورٹل بنایا ہے، جس سے نوجوانوں کو شفاف اور میرٹ پر ملازمت ملے گی۔
وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ جب بھی ملازمت کا اعلان کرتے ہیں تو معاملہ عدالت تک چلا جاتا ہے، ہم آہستہ آہستہ نظام کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں، ہم نے ملازمتوں کے لیے بار بار دستاویزات جمع کروانے، ٹیسٹ دینے کا نظام ختم کر دیا، تمام ٹیسٹ سکھر آئی بی اے لے گا، جو تمام ملازمتوں کے لیےکافی ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ گریڈ 1 سے 5 کی ملازمتوں کا سلسلہ آئندہ 15 روز سے شروع ہو جائے گا، امید ہے کہ یہ پورٹل شفاف اور میرٹ پر ملازمت فراہم کرنے کا سبب بنے گا، یہ تاثر ختم ہونا چاہیےکہ سفارش کے بغیر نوکری نہیں ملتی۔