بھارتی سکھ یاتریوں کا کورونا ٹیسٹ نہیں کرایا گیا، متروکہ املاک بورڈ

April 23, 2021

لاہور(خالدمحمودخالد)بھارت نے الزام لگایا ہے کہ بیساکھی میلہ میں شرکت کے بعد پاکستان سے بھارت واپس جانے والے 816بھارتی سکھ یاتریوں میں سے تقریبا 200یاتریوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان متروکہ وقف املاک بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر عامر احمد نے 200 یاتریوں کا کورونا مثبت آنے کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ ان سکھ یاتریوں کا کورونا ٹیسٹ نہیں کرایا گیا۔ اٹاری بارڈر پر بھارتی پنجاب کے سول سرجن ڈاکٹر چرن جیت سنگھ نے بتایا کہ حیرانی کی بات یہ ہے کہ 10 روز تک پاکستان رہنے والے یاتریوں کی اتی بڑی تعداد میں کورونا کیسے مثبت ہوگیا۔ دریں اثنا بھارتی پنجاب سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی صدر بی بی جاگیر کور نے اعتراف کیا کہ یاتریوں کا کورونا مثبت آنا ایک پریشانی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے واپس آنے والے تمام یاتریوں کو ان کے گھروں میں بھیج دیا گیا ہے اور انہیں سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کم از کم 14 دن گھروں میں قرنطینہ میں رہیں تاہم ڈاکٹروں کی ٹیمیں ان یاتریوں کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ کرے گی اور اس کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ کتنے یاتریوں کو اسپتال منتقل کرنا ہے۔