زارا نور عباس نے پہلی شادی ناکام ہونے کی وجہ بتا دی

April 23, 2021

پاکستان کی خوبرو اداکارہ زارا نور عباس نے اپنی پہلی شادی ناکام ہونے کی وجہ بتا دی ہے۔

شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ زارا نور عباس کی پہلی شادی سے متعلق بہت کم لوگ واقف ہیں۔

زارا نور عباس کی پہلی شادی 2014 ء میں بیرون ملک رہائش پذیر ایک لڑکے سے ہوئی تھی جو کہ صرف 3 سال چل سکی تھی اور زارا نور عباس اپنے پہلے شوہر سے طلاق لے کر وطن واپس اپنی فیملی کے پاس آ گئی تھیں۔

زارا نور عباس کا اپنی پہلی شادی اور اس کی ناکامی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ’اُنہیں اداکاری کا بہت شوق تھا اور انہوں نے اپنے والد سے بہت مشکلوں کے بعد ایک پروجیکٹ کی اجازت لی تھی، اُنہوں نے شادی سے قبل ایک پروجیکٹ میں اداکاری بھی کی تھی جس میں انہیں خوب پذیرائی بھی ملی تھی۔‘


زارا نور عباس کے مطابق ’ انہوں نے دوسرے پروجیکٹ کے لیے اپنے والد سے جب اجازت مانگی تو اُن کے والد نے صاف انکار کر دیا اور کہا کہ وہ شادی کر لیں اور بعد میں چاہے جو مرضی کرتی رہیں۔‘

انہوں نے اداکاری کا شوق پورا کرنے کے لیے جھٹ سے شادی کر لی تھی، یہ اُن کی پسند کی شادی تھی، اُنہوں نے شادی سے قبل اپنے شوہر سے وعدہ لیا تھا کہ وہ انہیں اداکاری کی اجازت دیں گے، شادی کے بعد اُن کے پہلے شوہر کی جانب سے یہ وعدہ توڑ دیا گیا تھا۔

زارا نور کا کہنا تھا کہ ’اُنہیں اس دوران اس بات کا احسا س ہوا کہ انہوں نے جس شوق کے لیے شادی کی تھی وہ شوق تو پورا نہیں ہو رہا، اس پر انہوں نے اپنے پہلے شوہر سے طلاق لی اور اپنے گھر وطن واپس آ گئیں۔‘

زارا نور عباس کا کہنا ہے کہ پھر اُنہوں نے پاکستان آ کر باقاعدہ اداکاری کا آغاز کیا، جب اُن کا ٹی وی پر پہلا پروجیکٹ نشر کیا جا رہا تھا اُس سے کچھ عرصہ قبل ہی اُن کی طلاق ہوئی تھی۔

زارا نور عباس کا کہنا ہے کہ انہوں نے سوچ رکھا تھا کہ اب وہ اپنے والدین کی مرضی سے شادی کریں گی لہٰذا 2017ء میں اُن کی شادی سب کی رضا مندی سے معروف اداکار اسد قریشی سے ہو گئی۔


زارا نور عباس کا اسد قریشی سے متعلق کہنا ہے کہ ’اسد قریشی خود ایک اداکار تھے اس لیے وہ جانتے تھے جس شعبے سے وہ منسلک ہیں اُس شعبے میں مجھے کام کرنے سے کیسے روک سکتے ہیں، اسد قریشی نے اُن سے اداکاری سے متعلق کبھی کوئی بات نہیں کی تھی کیوں کہ وہ جانتے تھے یہ اُن کا شوق ہے۔‘