حکومت کی کورونا پالیسی نہیں، بھارت 8فیصد آبادی کو ویکسین لگا چکا،شاہد خاقان

April 28, 2021

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ، جنگ نیوز ) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوئی پالیسی نہیں۔ ایل این جی ریفرنس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بھارت 8فیصد آبادی کو ویکسین لگا چکا، ہم ایک فیصد کو بھی نہیں لگاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آج تک ویکسین نہیں خرید سکی، مانگے تانگے پر گزارا چل رہا ہے، مسئلے کا حل لاک ڈاؤن نہیں۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم میں واپسی کا پیپلز پارٹی کا چانس اس کے اپنے پاس ہے۔ قبل ازیں احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وغیرہ کے خلاف ایل این جی ریفرنس میں گواہ پر جرح جاری رہی۔ منگل کو سماعت کے دوران شاہد خاقان عباسی عدالت پیش ہوئے،عدالت نے ملزمان کی حاضری لگائی جس کے بعد معاون وکیل نے استدعا کی کہ عدالت شاہد خاقان عباسی کو جانے کی اجازت دے،عدالت کے جج نے وکیل کی عدم موجودگی پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ آج عدالت شاہد خاقان عباسی کو حاضری کے بعد جانے کی اجازت نہیں دے گی، اس طرح تو نہیں چلے گا،اگر ایسے کرینگے تو پھر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کروں گا،بیرسٹر صاحب نہیں ہیں تو آج کوئی اور وکیل مقرر کردیں۔