مزدور بچے کا خواب

May 01, 2021

احفاظ الرحمن

مری آرزو ہے، بس اک آرزو ہے

میں دل کش کتابوں کی دنیا میں گھوموں

نئے لفظ سیکھوں، نئے بول سیکھوں

میں اسکول جاؤں

اور اسکول کی خوب صورت عمارت کو

اندر سے دیکھوں

کلاسوں میں بیٹھوں

قلم تھامنے کا طریقہ بھی سیکھوں

نئے گیت سیکھوں، نئے ڈھنگ سیکھوں

نئے دوستوں سے نئے کھیل سیکھوں

کتابوں میں لکھے

پرُاسرار قصوں کی دنیا میں گھوموں

اپنا یہ بیلچہ پھینک دوں

خوب صورت سا ، پیارا سا بستہ خریدوں

مری آرزو ہے

جو دل میں مرے بند ہے

اس کے باہر نکلنے کا دربند ہے!