مجدد صابری کی’بھر دو جھولی‘ مقبول

May 04, 2021

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے باعث دارِ فانی سے کوچ کر جانے والے معروف قوال امجد صابری کے بیٹے مجدد علی صابری کی والد کا کلام پڑھتے ویڈیوز مقبول ہوگئیں۔

مجدد علی صابری والد جیسا کُرتا زیب تن کیے رمضان ٹرانسمیشن کا حصہ بنے جہاں انہوں نے والد کا معروف کلام ’بھر دو جھولی‘ پڑھا اور سب کو حیران کردیا۔


مجدد علی صابری کی والد کی آواز سے غیر معمولی مشابہت نے سوشل میڈیا پر سب کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

سوشل میڈیا پر حرا مانی نے بھی مجدد کی ویڈیو کو شیئر کیا اور کہا کہ اس کلام نے انہیں جذباتی کردیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں 16 رمضان 22 جون 2016 کو دوپہر تقریباََ 4 بجے کے قریب قوال امجد صابری پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی۔ امجد صابری کے سر پر گولیاں لگنے سے ان کی موت واقع ہوئی تھی۔

محبتیں بانٹنے والے خوبصورت انسان اور بہترین گائیک امجد صابری کو کراچی میں دہشت گردوں نے ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا، امجد صابری کے 5 بچے ہیں جن میں 3 بیٹے اور 2 بیٹیاں ہیں۔

خیال رہے کہ قوم کا فخر اور دُنیا بھر میں شہرت پانے والے نامور قوال امجد صابری تو انتقال کرگئے ہیں لیکن ان کی میراث ان کے بچوں کے ذریعے چلتی رہے گی اور اس ضمن میں ان کا بڑا بیٹا مجّدد صابری اپنے والد کے نقش قدم پر چلنے کے لیے تیار ہے۔