• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنید جمشید کے بیٹے نے والد سے ملاقات کروادی

طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے نعت خواں جنید جمشید کے بیٹے نے والد کی چوتھی برسی کے موقع پر مداحوں کو ان کی قبر دکھائی اور ان سے جُڑی یادیں مداحوں کو بتائیں۔

جنید جمشید کے صاحبزادے بابر جنید نے حال ہی میں ایک وی لاگ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی زینت بنایا جس میں انہوں نے بتایا کہ ’آج ہم بابا جان (جنید جمشید) سے ملنے آئے ہوئے ہیں تو سوچا آپ کی بھی ملاقات کروائیں۔‘

بابر جنید نے بتایا کہ جب جنید جمشید کی اس قبرستان میں تدفین کی گئی تھی تب یہ جگہ بالکل خالی تھی لیکن اب اس قبرستان میں مزید جگہ نہیں رہی۔

انہوں نے  بتایا کہ میں تو یہاں آتا رہتا ہوں، لیکن برسی کے موقع پر آپ سب کو بھی اپنے ساتھ لے کر آیا ہوں۔

بابر جنید نے والد سے وابستہ ایک یادگار قصہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم ایک مرتبہ بابا کے ساتھ تُرکش ریسٹورنٹ گئے، وہاں کے مالک نے بابا کو دوست بنالیا اور فرمائش کرڈالی کہ جنید بھائی آپ نے روزانہ یہاں آنا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’ریسٹورنٹ مالک سے وعدہ کرنے کے بعد ہم روزانہ پانچ دن اسی ریسٹورنٹ جاتے رہے اور ایک ہی کھانا کھاتے، وہاں جنید جمشید روزانہ کی طرح ہی کھانے کی تعریف کرتے اور ہم حیران ہوجاتے کہ ایک جیسا کھانا کھا کر بھی دوست کا دل رکھنے کیلئے تعریف کرتے۔‘

اپنے وی لاگ کے آخر میں بابر نے والد سے مخاطب ہو کر کہا کہ ’میں آج آپ کے  پرستاروں کو آپ سے ملوانے لایا تھا، آپ کو یہ بات پتہ ہوگی کہ آپ کی وجہ سے ہی یہ تمام لوگ مجھے فالو کرتے ہیں۔‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’میرے سوشل  میڈیا پر جنید جمشید سے متعلق ہی کمنٹس بھی ہوتے ہیں۔‘

جنید جمشید 7 دسمبر 2016 میں ایک طیارے کے حادثے میں اس جہاں سے کوچ کرگئے تھے۔ ان کی اہلیہ بھی اس حادثے میں جاں بحق  ہوئی تھیں۔

اس واقعہ نے پاکستانی عوام کو افسردہ کر دیا تھا اور اس کا اندازہ بخوبی اس بات سے ہوتا ہے کہ آج بھی لوگ جنید جمشید کو انہماک سے یاد کر رہے ہیں۔

تازہ ترین